بی جے پی سے مستعفی ہونے راجہ سنگھ کا اعلان

 بی جے پی کے متنازعہ رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ نے بی جے پی سے مستعفی ہوجانے کا سنسنی خیز اعلان کیا۔ آج سوماجی گوڑہ پریس کلب میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی گاؤرکھشا مہم سے بی جے پی کو بچانے کے لئے پارٹی سے مستعفی ہوجانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ نہیں چاہتے کہ ان کی مہم کی وجہ سے پارٹی کی نیک نامی متاثر ہو جبکہ چند مفاد پرست عناصر ان کی گاؤرکھشا مہم کو بی جے پی سے جوڑنے کی مذموم کوشش کررہے ہیں۔ راجہ سنگھ نے واضح کیا کہ انہوں نے اپنا مکتوب استعفیٰ پارٹی صدر ڈاکٹر کے لکشمن کو چار یوم قبل ہی روانہ کردیا ہے۔ حلقہ گوشہ محل کے رکن اسمبلی نے کہا کہ وہ گائے کی حفاظت کے لئے اپنی جان تک قربان کرنے کے لئے تیار ہیں۔ دوسری طرف راجہ سنگھ کے بی جے پی سے استعفیٰ کی خبر کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ صدر پارٹی ڈاکٹر کے لکشمن، راجہ سنگھ کے استعفیٰ پر تبصرہ کرنے دستیاب نہیں ہوسکے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ چار ماہ کے دوران راجہ سنگھ نے بی جے پی سے مستعفی ہوجانے کا چار بار اعلان کیا تھا۔

جواب چھوڑیں