راہول گاندھی کی کل شہر آمد

کانگریس کے کل ہند صدر راہول گاندھی دو روزہ دورے پر کل پیر کو یہاں پہونچیں گے ۔ راہول کے 2روزہ دورہ کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ پارٹی کے صدارتی عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد راہول کا یہ پہلا دورہ حیدرآباد ہے۔ وہ، پیر کو شمس آباد ایر پورٹ پہونچیں گے ۔ راہول گاندھی ، توقع ہے کہ پیر اور منگل کو منعقدشدنی کئی پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ مسٹر گاندھی، اسمبلی کے سامنے موجود شہیدان تلنگانہ کی یادگار بھی جائیں گے اور شہیدوں کو خراج پیش کریں گے ۔ علیحدہ تلنگانہ تحریک کے دوران یہ مقام جذباتی علامت بن گیا تھا ۔ ذرائع نے بتایا کہ راہول گاندھی‘ پیر کو14:30 بجے بیدر سے شمس آباد ایر پورٹ پہنچے گے اور یہاں قریب میں واقع کلاسک فنکشن ہال میں سلف ہیلپ گروپ کی خواتین سے خطاب کریں گے ۔ اسی روز(13؍ اگست) کو شام میں وہ شیر لنگم پلی میں عوامی جلسہ سے خطاب کریں گے ۔ دوسرے دن منگل(14؍اگست ) کو وہ، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ایڈ یٹرس، صحافیوں سے تبادلہ خیال کریں گے اور تلگو کی دونوں ریاستوں کے ینگ سی ای اوز سے بھی ملاقات کریں گے ۔ یہ پروگرام اسٹار ہوٹل میں منعقد ہوگا ۔ نئی دہلی روانہ ہونے سے قبل راہول گاندھی، منگل کی شام کو سرور نگر اسٹیڈیم میں منعقد شدنی طلبہ اور بے روزگار نوجوانوں کے بڑے پروگرام سے خطاب کریں گے ۔ راہول گاندھی کا اصل پروگرام عثمانیہ یونیورسٹی تھا جہاں وہ طلبہ سے خطاب کرنا چاہتے تھے مگر عثمانیہ یونیورسٹی انتظامیہ نے راہول کو دورہ کی اجازت دینے سے انکا ر کردیا۔ تلنگانہ جے اے سی اور بیروزگار وں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی عثمانیہ یونیورسٹی نے جمعہ کے روز، راہول گاندھی کو دورہ کی اجازت نہ دینے پر وائس چانسلر پروفیسر رامچندرن کا گھیراؤ کیا تھا ۔ برہم طلبہ نے الزام عائد کیا کہ حکومت کی ایما پر گاندھی کو یونیورسٹی کے دورہ کی اجازت نہیں دی گئی ۔ دریں اثنا صدر پردیش کانگریس این اتم کمار ریڈی کی زیر قیادت پارٹی قائدین راہول کے دورہ کو کامیاب بنانے میں مصروف ہیں۔ پارٹی صدر راہول کے پروگراموں کے مقامات پر نقائص سے پاک انتظامات کیلئے پارٹی قائدین پر مشتمل مختلف ٹیمیں سرگرم عمل ہیں۔

جواب چھوڑیں