کیرالاکے بارش متاثرین کیلئے 25کروڑ کی امداد:کے سی آر

کیرالا میں بارش کے قہرسے متاثرہ افراد سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹرکے چندر شیکھر رائو نے آج بارش سے متاثرہ اس ریاست کو 25کروڑ روپے کی امداد دینے کااعلان کیا۔ انہوںنے کہاکہ بارش کے قہر سے پریشان کیرالاکے عوام کی راحت کے لئے فوری طورپر 25کروڑ روپے جاری کئے جائیں گے۔ کیرالاکے عوام پینے کے صاف پانی سے بھی محروم ہیں۔ان پریشان حال عوام کو 2.5کروڑمالیت کے ریورس اسموسس (آراو) آلات فراہم کئے جائیں گے ۔اس سلسلہ میں انہوںنے عہدیداروںکوفی الفور اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ آراو آلات کی سربراہی کامقصد ریاست کیرالا کے عوام کو پینے کامحفوظ پانی فراہم کرناہے ۔ چیف منسٹرکے چندرشیکھررائو نے چیف سکریٹری ایس کے جوشی کوہدایت دی کہ وہ اس سلسلہ میں جنگی خطوط پر اقدامات کریں۔ واضح رہے کہ ریاست کیرالامیں بارش کے قہر سے اب تک 160سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔اس ریاست کے 14کے منجملہ 12 اضلاع میں بارش کاالرٹ جاری کردیاگیا ہے ۔ بتایا جاتاہے کہ مسلسل بارش کے سبب ریاست کے کم وبیش 80سے زائد پراجکٹوں سے فاضل پانی چھوڑاگیاہے ۔ ریاست کا بہت بڑاحصہ سیلاب سے متاثر ہے ۔ اس ریاست میں بڑے پیمانے پربچائوراحت کاری اقدامات جاری ہیں۔ چیف منسٹرتلنگانہ کے چندر شیکھررائو نے کیرالا میں بڑے پیمانے پر جانی ومالی نقصانات پرگہرے دکھ کا اظہار کیا اور حکومت کیرالاکو یقین دلایا وہ متاثرین کی مدد کے لئے ہرممکن سعی کی جائے گی۔ انہوں نے صنعت کاروں ‘تاجروںاوردیگر پیشوں سے وابستہ افراد سے اپیل کی کہ وہ تلنگانہ چیف منسٹر ریلیف فنڈمیں دل کھول کر عطیات دیں تاکہ بڑی رقم کیرالاروانہ کی جاسکے ۔

جواب چھوڑیں