ریسلرونیش پھوگٹ کی بدولت ہندوستان کو دوسرا گولڈ

انڈونیشیاکی راجدھانی جکارتہ میںکھیلے جارہے 18 ویں ایشین گیمس کے دوسرے دن کے اختتام پر تمغوں کی فہرست میں مجموعی طورپر سبقت حاصل ہے۔ چینی اتھیلیٹس نے جملہ38 میڈلس حاصل کرتے ہوئے سابقہ اجارہ داری کوبرقرار رکھا۔ ہندوستان کو پہلے دن کی طرح دوسرے دن بھی گولڈ میڈل حاصل ہوا۔پہلے دن بجرنگ پونیاکے گولڈکے بعد تیسرے روز ویمنس فری اسٹائل میں ونیش پھوگٹ نے50 کلوگرام زمرہ کے فائنل میں جاپان کی ریسلریوکی کو 2 کے مقابلے6 پوائینٹس سے ہراکر ایشین گیمس میں طلائی تمغہ حاصل کرنے والی پہلی خاتون ریسلر ہونے کااعزاز حاصل کیا۔ سیمی فائنل میں چین کی یننان سن کو چاروں خانے چت کرکے خطابی مقابلے لئے راہ ہموارکی۔شوٹنگ میں دیپک کمار اور روی کمارآخری مرحلے میں چوک جانے کے باعث گولڈسے محروم رہے تاہم دونوں کی بدولت ہندوستان کو10میٹر ایر رائفل میں دوچاندی کے تمغے حاصل ہوئے۔مینس ہاکی کے پول اے کے ایک میاچ میں ہندوستان نے انڈونیشیاکو17-0 سے روند کر اپنی مہم کا شاندار آغاز کیا۔ تین ہندوستانی کھلاڑیوں نے ہیٹرک بنائی۔ ہندوستانی کھلاڑیوں نے 11میں سے 6پنالٹی کارنرس کوگول میںتبدیل کیا۔ ہندوستان کا دوسرا مقابلہ چہارشنبہ کوہانگ کانگ سے ہوگا۔ اولمپک میڈلسٹ ساکشی ملک نے مایوس کن مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستان کی امیدوں پر پانی پھیردیا۔ کوریائی ریسلر یانگ کونگ ون نے 12-2 سے ساکشی کو دھول چٹادی۔ تیسرے دن منگل کو ہندوستان ‘ جمناسٹکس ، برج ‘ فینسنگ، ہینڈبال، ویمنس ہاکی میں قزاقستان سے اورکبڈی میں سری لنکاکے خلاف نبردآزما ہوںگے۔ مزید برآں سیپک ٹکراکے سیمی فائنل میں رسائی کے بعد ہندوستان کے لئے اب میڈل یقینی ہوگیاہے۔ تیراکی، والی بال اورریسلنگ میں بھی ہندوستانی اتھیلیٹ آج قسمت آزمائی کریںگے۔ اسی دوران وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر اسپورٹس راجیاوردھن سنگھ را تھوڑ نے سلور میڈل جیتنے والے شوٹر دیپک کمار اور دیگر کو مبارکبا باد دی۔

جواب چھوڑیں