راہول گاندھی سے تلنگانہ کانگریس قائدین کی ملاقات

صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج تلنگانہ کانگریس قائدین کو واضح طور پر اشارہ دیا ہے کہ جن اسمبلی حلقوں سے کانگریس امیدواروں کی کامیابی کے امکانات روشن ہیں‘ وہاں سے پارٹی امیدواروں کی دستبرداری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ راہول گاندھی نے آج نئی دہلی میں تلنگانہ کانگریس قائدین سے ملاقات کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا۔ واضح ہے کہ راہول گاندھی نے ریاست کے 50 کانگریس قائدین کو نئی دہلی مدعو کیا۔ اس ملاقات کے دوران صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی‘ کارگذار صدر بھٹی وکرمارکہ ‘ قائد اپوزیشن محمد علی شبیر‘ اراکین اسمبلی ڈی کے ارونا ‘ سمپت کمار‘ ریونت ریڈی‘ کومٹ ریڈی‘ راج گوپال ریڈی‘ آکولہ للیتا اراکین کونسل‘ نندی ایلیا ایم پی‘ وی ہنمنت راؤ‘ انجن کمار یادو ‘ پونم پربھاکر سابق ایم پی‘ سابق وزراء پرساد کمار‘ سابق مرکزی وزیر بلرام نائیک‘ اتم پدما ریڈی‘ ڈاکٹر جے گیتا ریڈی‘ انیل کمار یادو صدر یوتھ کانگریس و دیگر قائدین نے راہول گاندھی کو ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال اور قبل ازوقت انتخابات کی تیاریوں کی تفصیلات اور تلنگانہ تلگودیشم ‘ سی پی آئی اور تلنگانہ جنا سمیتی کے ساتھ انتخابی مفاہمت کے سلسلہ میں بات چیت سے بھی واقف کروایا۔ راہول گاندھی نے پارٹی قائدین کو ہدایت دی کہ وہ ہم خیال سیاسی جماعتوں کے ساتھ انتخابی مفاہمت کے موضوع پر کھلے عام اظہار خیال نہ کریں ۔ اگر کسی قائد کو اعتراض ہو تو وہ پارٹی فورم یا انچارج کے روبرو اپنی تجاویز پیش کریں یا پھر راست طور پر خود ان (راہول) سے ربط پیدا کریں۔ اس موقع پر راہول گاندھی نے پارٹی امور کی نگرانی کے لئے سہ رکنی اسکریننگ کمیٹی تشکیل دی۔ چرن داس کمیٹی کے چیرمین ‘ جوتی منی سنیتی ملائی اور شرمیٹھا مکرجی کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔ کانگریس پارٹی پہلے مرحلہ میں 30 تا 40 امیدواروں کے ناموں کی فہرست جاری کرسکتی ہے اور عوام میں مقبول اور مضبوط امیدواروں کو ہی میدان میں اتارا جائے گا۔ راہول گاندھی سے ملاقات کرنے والوں میں سابق وزیر ایم ششی دھرریڈی ‘ صدر محبوب نگر ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی عبید اللہ کوتوال ‘ صدر ضلع نظام آباد طاہر بن ہمدان ‘ صدر ضلع میدک سنیتا لکشما ریڈی‘ صدر مہیلا وبھاگ نیرلہ شاردا بھی شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں