ووٹرلسٹ کے مسودے کی جانچ کرنے داناکشور کی عوام سے خواہش

کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی )دانا کشور نے حیدرآباد وسکندرآباد کے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ نظر ثانی شدہ ووٹرلسٹ کے مسودے کی جانچ کریں اور دیکھیں کہ آیا ان کا نام،رہائشی پتے اور دیگر تفصیلات صحیح طورپر درج ہیں یا نہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو ووٹر لسٹ کے مسودہ میں کسی تبدیلی یا تصحیح کی ضرورت ہوتو اس ماہ کی 25تاریخ سے قبل درخواست دینی ہوگی ۔انہوں نے ایف ایم ریڈیوچینل سے بات کرتے ہوئے اس سلسلہ میں ووٹرس کے شکوک وشبہات دور کئے اور ان کے سوالات کے جوابات بھی دیئے ۔انہوں نے کہا کہ حیدرآباد ضلع کے تمام پولنگ اسٹیشنوں میں ڈرافٹ ووٹر لسٹ جانچ پڑتال کے لئے دستیاب ہے اور ووٹرس کسی بھی دن اس لسٹ کو دیکھ سکتے ہیں۔دانا کشور نے کہا کہ حتمی ووٹر لسٹ 8اکتوبر کو شائع کی جائے گی اور ایک سے زائد ووٹ رکھنے والے کسی بھی شخص کو عوامی نمائندگی کے قانون کے تحت سزا دی جائے گی۔این ایس ایس کے بموجب کمشنر جی ایچ ایم سی دانا کشور نے آج خیریت آباد زون کے مختلف علاقوں کے بوتھس کا اچانک دورہ کرتے ہوئے ووٹر لسٹ پر جاری نظر ثانی کاموں کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے بی ایل او ایز اور دیگر نگران کارعہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ متعلقہ بوتھ پراوقات کار کے دوران دستیاب رہیں ۔

جواب چھوڑیں