کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کوباقاعدہ بنانے میں کانگریس رکاوٹ:کے ٹی آر

ریاستی وزیر بلدی نظم ونسق کے تارک راما رائو نے کانگریس قائدین پر ریاست کی ترقی میں رکاوٹیں پیداکرنے کا الزام عائد کیااورکہاکہ چیف منسٹرکے چندرشیکھررائونے کا لیشورم پراجکٹ کے تعمیری کام مکمل کرتے ہوئے تلنگانہ میں کئی لاکھ ایکراراضی کو سیراب کرانے کا منصوبہ بنایاہے۔کانگریس قائدین نے عدالت سے رجوع ہوکر اس پراجکٹ کے تعمیری کام میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کی ہے ۔ حلقہ اسمبلی کاماریڈی کے بی جے پی قائدین اورکارکنوں نے ٹی آرایس میں شمولیت اختیارکی ۔کے تارک راما رائو نے انہیں پارٹی کاگلابی کھنڈواپہناکرپارٹی میں شامل کیا ۔اس موقع پر اپنی تقریرمیں انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کوباقاعدہ بنانے کے اقدامات کئے گئے تھے تاہم کانگریس قائدین اس عمل کے خلاف عدالت سے رجوع ہوئے جس کی وجہ سے یہ عمل تعطل کاشکارہوگیا ۔ انہوںنے کانگریس کی جانب سے آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل عظیم سیاسی اتحاد قائم کرنے کے فیصلے کوسیاسی موقع پرستی قرار دیا اور کہاکہ کانگریس کے قائدین اسمبلی انتخابات میں امکانی شکست کے خدشہ سے تلگودیشم پارٹی ‘کمیونسٹ جماعتوں سے اتحاد کررہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ تلنگانہ کے عوام باشعور ہیں وہ آئندہ انتخابات میں ٹی آرایس کو ہی ووٹ دے کراسے دوبارہ برسراقتدار لائیں گے ۔اس موقع پر اسمبلی حلقہ کاماریڈی کے ٹی آرایس کے امیدوار گمپاگوردھن بھی موجودتھے۔

جواب چھوڑیں