احسان مانی‘ اے سی سی کو دوبارہ مضبوط بنانے کے خواہاں

پاکستان کرکٹ بورڈ کے نومنتخب چیرمین احسان مانی اے سی سی کو دوبارہ مضبوط ادارہ بنانے کے خواہاں ہیں۔ احسان مانی اپنے پہلے غیرملکی دورہ پر 18 اور 19 ستمبر کی درمیانی شب دبئی روانہ ہوںگے۔ وہ 20 تاریخ کو وہاں ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ یہ پوسٹ اب مزید کچھ عرصہ ہی پاکستان کے پاس ہے، اس کے بعد بنگلہ دیش کی باری اْجائے گی۔ احسان مانی ماضی میں ایشین بلاک کے زبردست حامی رہے ہیں اور اب ایک بار پھر وہ ایسا چاہتے ہیں۔ چیرمین پی سی بی کو ایسا لگتا ہے کہ ہندوستان نے اے سی سی کو کمزور بنادیا حالانکہ اسے طاقتور ادارہ ہونا چاہیے تھا۔ ان کی کوشش ہوگی کہ اسے دوبارہ قدموں پر کھڑا کیا جائے۔ کونسل کا سالانہ اجلاس آئندہ ماہ ہوناہے۔ احسان مانی چاہتے ہیں کہ اس کی میزبانی پاکستان ہی کرے تاکہ ایشیائی ممالک کو ملک کی بہتر سیکوریٹی صورتحال کا بھی یقین دلایا جاسکے۔ دبئی میں ہونے والی میٹنگ کے دوران چیرمین پی سی بی ہندوستان، سری لنکن، بنگلہ دیشی و دیگر ایشین ممالک کے عہدیداروں سے ملاقاتیں بھی کریںگے۔ ان کی کوشش ہے کہ تمام کرکٹ بورڈز خصوصاً ایشینز سے پاکستان کے اچھے تعلقات ہوں، گوکہ ابھی دوروں کی بات کرنا قبل ازوقت ہوگا لیکن وہ چاہتے ہیں کہ آئندہ ماہ اپنے ملک میں اے سی سی کی سالانہ میٹنگ کے موقع پر اس تعلق سے تبادلہ خیال کریں۔

جواب چھوڑیں