انگلینڈ میں میچ جیتنے کے کئی مواقع گنوادئیے: شاستری

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ روی شاستری نے انگلیند کے خلاف ٹسٹ سیریز میں 1۔4 سے ملی شکست کے باوجود ٹیم کا دفاع کرتے ہوئے اس دورے کے مثبت پہلوؤں پر توجہ دینے کی بات کہی ہے۔ شاستری نے کہاکہ انگلینڈ دورے کے دوران ہندوستانی ٹیم کے کھیل میں کافی بہتری آئی ہے۔ شاستری نے کہاکہ سیریز کے دوران ٹیم نے آسانی سے شکست قبول نہیں کی اور میزبان کو اس کے ہوم گراونڈ پر سخت چیلنج پیش کیا لیکن وہ اچھے مواقع کو جیت میں تبدیل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ایک ٹیلی ویژن چیانل کو دیئے گئے اپنے انٹرویو میں شاستری نے کہاکہ یہ بہت ہی مشکل دورہ تھا۔ اس دورہ سے ہمیں کئی سبق سیکھنے ہوںگے۔ لارڈس ٹسٹ کو چھوڑکر ہمارے پاس میچ جیتنے کے کئی مواقع تھے، لارڈس ٹسٹ ہم ہارے اور ناٹنگھم ٹسٹ جیتے۔ سیریز کے دیگر 3 میاچس میں ہمارے پاس جیتنے کے زیادہ مواقع تھے۔ شاستری نے کہا کہ ٹیم کو اس دورے سے بہت ساری مثبت چیزیں سیکھنی ہوںگی لیکن ہمیں اس پر توجہ دینا ہوگا کہ ہم جیتے کے اتنے قریب آنے کے باوجود کیوں ہارگئے، ہم نے اس پر غورو خوض کیاہے۔واضح رہے کہ 5 میاچس کی سیریز میں ہندوستانی ٹیم کو 4-1 سے شکست ہوئی جبکہ ٹیم انڈیا نے تیسرے ٹسٹ میں بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے جیت حاصل کی تھی۔

جواب چھوڑیں