سوچھتا ہی سیوا تحریک کا آغاز۔وزیراعظم نریندرمودی کا دہلی کے اسکول میں شرمدان

وزیراعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے دن عام آدمی اور مختلف شعبہ حیات کی شخصیتوں سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ بات چیت کرتے ہوئے ’’ سوچھتا ہی سیوا‘‘ تحریک شروع کی اور کہا کہ ملک میں گذشتہ 4 برس میں جتنی صفائی ہوئی اتنی پچھلے 60-65 برس میں نہیں ہوئی۔ 17مقامات سے لگ بھگ 2 گھنٹے کی ویڈیو کانفرنسنگ میں انہوں نے صنعتکار رتن ٹاٹا‘ اداکار امیتابھ بچن‘ چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ‘ سدگرو جگی واسودیو ‘ ماں امرتانند مائی ‘ سری روی شنکر کے علاوہ درگاہ اجمیر شریف کے زائرین اور گردوارہ پٹنہ صاحب کے یاتریوں سے بات چیت کی۔ مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے بعد دہلی کے بابا صاحب امبیڈکر ہائیر سیکنڈری اسکول میں شرمدان کیا۔ سرکاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نارمل ٹریفک میں اسکول پہنچے اور واپس ہوئے۔ رسمی پروٹوکول کو بالائے طاق رکھ دیا گیا تھا۔ ان کے دورہ کے لئے خصوصی ٹریفک انتظامات نہیں کئے گئے تھے۔ سوچھتا ہی سیوا تحریک کا مقصد سوچھ بھارت ابھیان میں عوام کی حصہ داری بڑھانا ہے۔ 2 اکتوبر کو سوچھ بھارت مشن کے 4 سال مکمل ہوجائیں گے۔ ویڈیو کانفرنسنگ میں اپنے ریمارکس میں مودی نے کہا کہ 2014 میں 40 فیصد صفائی ہوتی تھی اب یہ عوام کی کوششوں سے بڑھ کر 90 فیصد ہوگئی ہے۔ کس نے سوچا تھا کہ 4 سال میں ہم اتنی صفائی کرپائیں گے جو پچھلے 60-65 برس میں نہیں ہوئی۔ کسی نے سوچا تھا کہ ملک میں 4 برس میں 9 کروڑ ٹائلٹ بنیں گے۔ کیا کسی نے تصور کیا تھا کہ لگ بھگ 4.5 لاکھ مواضعات‘ 450 سے زائد اضلاع اور 20 ریاستیں و مرکزی زیرانتظام علاقے 4 سال میں کھلے عام رفع حاجت سے پاک ہوجائیں گے۔ مودی نے کہا کہ آج 125 کروڑ ہندوستانی صفائی کا عہد دُہرانے جارہے ہیں۔ آج سے 2 اکتوبر تک ہم ملک کو صاف ستھرا بنانے نئے عزم اور حوصلہ سے کام کریں گے۔ مودی نے کہا کہ ٹائلٹس بن جائیں گے اور ویسٹ مینجمنٹ کی باقاعدہ کوششیں ہوں گی لیکن صفائی ایک عادت ہے جو ڈالنی ہوگی۔ یہ لوگوں کا رویہ بدلنے کا یگن ہے۔ سوچھ گرہیوں (صفائی ورکرس) کے نام اس تحریک کی تاریخ میں (جب بھی وہ لکھی جائے گی) سنہرے الفاظ میں لکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح مجاہدین آزادی اور شہیدوں کا نام احترام سے لیا جاتا ہے اسی طرح صفائی مہم میں آپ کا یوگدان (تعاون) بھی قابل احترام ہوگا۔ وزیراعظم نے ڈبرو گڑھ (آسام) کے اسکولی طلبا‘ مہسانہ کی زرعی امداد ِ باہمی انجمن کے ارکان ‘ لداخ کے آئی ٹی بی پی جوانوں‘ راج گڑھ(مدھیہ پردیش) اور فتح پور(اترپردیش) کے شہریوں کے علاوہ ریواڑی (ہریانہ) کے ریلوے ملازمین سے بات چیت کی۔ امیتابھ بچن نے کہا کہ انہیں صفائی کا پیام عام کرنے ٹی وی موثر ذریعہ دکھائی دیتا ہے۔ لوگوں کو یہ یقینی بنانے پر توجہ دینی چاہئے کہ ان کے اطراف و اکناف کا ماحول صاف ستھرا رہے۔ رتن ٹاٹا نے کہا کہ صفائی عوام کی اچھی صحت یقینی بنانے کے لئے اہم ہے۔ پی ٹی آئی کے بموجب وزیراعظم نریندر مودی نے سوچھتا ہی سیوا مہم شروع کی۔ انہوں نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اسکول میں جھاڑو ہاتھ میں لے کر صفائی کی جبکہ ان کی حکومت کے وزرا اور بی جے پی قائدین اور ورکرس نے ملک بھر میں ایسی ہی مہم میں حصہ لیا۔ وزیراعظم نے لگ بھگ 2 گھنٹے ویڈیو کانفرنسنگ کی اور ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے عوام سے بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ سماج کے سبھی طبقات اور ملک کے ہر علاقہ نے صفائی مہم میں حصہ لیا ہے ۔ وزیراعظم نے گردوارہ پٹنہ صاحب کے سکھ رہنماؤں کے علاوہ درگاہ اجمیر کے خدام سے بھی بات چیت کی۔ انہوں نے میڈیا گروپ دینک جاگرن کے ذمہ داروں سے بھی بات چیت کی۔ انہوں نے اخبارات اور نیوز چیانلس کا شکریہ ادا کیا کہ وہ سوچھ بھارت مہم میں ہاتھ بٹارہے ہیں۔

جواب چھوڑیں