مودی کی کتاب ’’اکزام وارئیرس‘‘ کا اردو ایڈیشن جاری

 وزیراعظم نریندر مودی کی تحریر کردہ کتاب ’’اکزام وارئیرس‘‘ کا اردو ایڈیشن ہفتہ کے دن نئی دہلی میں جاری ہوا۔ اردو ترجمہ ڈاکٹر ناصرہ رضوی نے کیا ہے۔ اکزام وارئیرس مختصر مدت میں 15 زبانوں میں شائع ہوئی ہے۔ انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر(آئی آئی سی سی ) کے زیراہتمام ڈاکٹر امبیڈکر انٹرنیشنل سنٹر میں کتاب کی رسم اجراء عمل میں آئی۔ مرکزی وزرا پرکاش جاؤدیکر‘ مختار عباس نقوی ‘ جتیندر سنگھ کے علاوہ فلم ڈائرکٹر مظفر علی اور اداکار رشی کپور اور انو کپور نے شرکت کی۔ رشی کپور نے کہا کہ انہوں نے فلموں سے اردو سیکھی اور اس سے انہیں کامیاب ہونے میں مدد ملی۔ انو کپور نے کہا کہ اردو ملک میں بولی جانے والی اصل زبانوں میں ایک ہے اور اسے مذہب سے نہیں جوڑنا چاہئے۔ پرکاش جاؤدیکر نے کہا کہ مودی پہلے وزیراعظم ہیں جنہوں نے امتحانات کے دوران طلبا کے تناؤ پر کتاب لکھی ہے۔ مودی کے اندر ایک ٹیچر چھپا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب طلبا کو زیادہ سے زیادہ اسکالرشپ دی جارہی ہیں۔ جتیندر سنگھ نے کہا کہ اس کتاب کو مختلف زبانوں میں دستیاب کرانا ہم ہے۔ اردو میں یہ شائع نہ ہوتی تو مقصد ادھورا رہ جاتا۔

جواب چھوڑیں