عزت ملنے پر ہی بی ایس پی عظیم اتحاد کا حصہ بنے گی:مایاوتی

لوک سبھا انتخابات سے پہلے بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)کے خلاف عظیم اتحاد کی کوشش میں مصروف اپوزیشن کو آگاہ کرتے ہوئے بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی)کی صدر مایاوتی نے کہا کہ نشستوں کی باعزت تعداد ملنے پر ہی ان کی پارٹی اتحاد کا حصہ بننے پر راضی ہوگی۔ مایاوتی نے اتوار کو یہاں نامہ نگاروں سے کہا ’’بی ایس پی اتحاد کے خلاف نہیں ہے،لیکن وہ اپنی عزت کے ساتھ بھی سمجھوتہ نہیں کریگی۔اگر پارٹی کو قابل عزت تعداد میں نشستیں ملتی ہیں تو اتحاد پر کوئی اعتراض نہیں ہے ورنہ بی ایس پی انتخابی میدان میں تنہا جانے کیلئے تیار ہے۔بی ایس پی کی صدر نے کہا کہ وعدہ خلافی کیلئے پہچانے جانے والے بی جے پی لیڈروں کی جملے بازی کادور اب ختم ہونے کے دہانے پر ہے۔غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک کو اقتصادی بدحالی اور بے روزگاری سے دوچار کرنے والی اس پارٹی کی حکومت کا لوک سبھا انتخابات میں نام ونشان نہیں رہے گا۔انہوں نے کہاکہ لوک سبھا اور تین ریاستوں کے اسمبلی انتخابات قریب آتے ہی بی جے پی پھرسے متوجہ کرنے والے وعدوں کی حکمت عملی پر کام کرنے لگی ہے۔اپنی ناکامیوں اور کارگزاریوں پر پردہ ڈالنے کیلئے سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کے نام کا استعمال کیا جارہا ہے۔سابق وزیراعظم کی زندگی میں بھی بی جے پی نے ان کی پالیسیوں سے کوئی سبق نہیں لیا اور اب ان کے انتقال کے بعد بی جے پی آنجہانی لیڈر کی پالیسیوں کی دہائی دیتی رہتی ہے۔

جواب چھوڑیں