فواد احمد کی شاندار بولنگ۔نائٹ رائیڈرس فائنل میں داخل

کیریبین پریمیر لیگ (سی پی ایل) میں فواد احمد نے اپنی شاندار بولنگ سے دفاعی چمپئن ٹرائنباگونائٹ رائیڈرز کو فائنل میں پہنچادیا۔ انہوں نے شاندار بولنگ سے اپنی ٹیم کو سینٹ کٹس اینڈ نیویس کے خلاف دوسرے کوالیفائرزمیں 20 رنز سے فتح دلائی۔ آسٹریلیا کے اسپنر فواد احمد اس سیزن میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں، دوسرے کوالیفائرز میں بھی انہوں نے اپنی شاندار بولنگ سے دفاعی چمپئن ٹرائنباگو نائٹ رائیڈرز کو سینٹ کٹس اینڈ نیویس پیٹریاٹس پر 20 رنزکی فتح دلاکر فائنل میں پہنچادیا ہے۔ اگرچہ نائٹ رائیڈرز کی ٹیم نے سیزن کا اختتام پوائنٹس ٹیبل پرٹاپ پوزیشن کے ساتھ کیا تھا تاہم پہلے کوالیفائرزمیں اسے گیانا ایمازون واریئرز کے ہاتھوں منگل کو شکست ہوگئی تھی تاہم اسی ٹیم کے ساتھ اب اتوار کو فائنل میں مقابلہ ہوگا۔ کامیابی کی صورت میں یہ نائٹ رائیڈرز کی 4 برس میں تیسری ٹرافی ہوگی۔ سینٹ کٹس کو فتح کیلئے 166 رنز کا ہدف ملا مگر وہ مقررہ اوورز میں 8 وکٹ پر 145 رنزبناپائی، تھامس نے سب سے زیادہ 35 رنز بنائے، برینڈن کنگ نے 33 رنز بنائے جبکہ فابیان ایلین 32 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔ کرس گیل صفر پر آئوٹ ہوئے۔ فواد نے 3 اور سنیل نارائن نے 2 وکٹیں لیں۔ اس سے قبل ٹرائنباگو نائٹ رائیڈرز نے 6 وکٹ پر 165 رنز بنائے جس میں برینڈن میکلم نے سب سے زیادہ 43 رن بنائے۔ کولن منرو نے اس بار 29 رنز اسکور کیے، دنیش رام دین 27 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔ کوٹریل نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ فواد احمد کو ہی میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

جواب چھوڑیں