ہندوستانی ٹیم کسی ایک کھلاڑی پر منحصر نہیں:آرتھر

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہاکہ آئندہ سال انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈکپ کیلئے ہم نے 20 سے 22 کھلاڑیوں کا پول تیار کرلیا ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ ورلڈکپ سے قبل پاکستانی ٹیم کو 26 ونڈے انٹرنیشنل میچ کھیلنا ہیں، ان میچوں سے تیاریوں کا بھی اندازہ ہوجائے گا اور یہ بھی پتہ چل جائے گا کہ کن کن کھلاڑیوں کے ساتھ میگا ایونٹ میں جاناہے۔ انہوں نے کہاکہ اس عرصہ میں ہمیں مشکل کرکٹ کھیلنا ہے۔ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے خلاف ورلڈکپ کیلئے بھرپور تیاری کرنے کا موقع ملے گا۔ مکی آرتھر نے کہاکہ ورلڈکپ سے قبل میزبان انگلینڈ کے خلاف 5 ونڈے ورلڈکپ کی تیاریوں کیلئے اہم ثابت ہوںگے۔ انہوں نے کہاکہ مجھے اور انضمام الحق کو 20,22 کھلاڑیوں کا علم ہے اور یہ بھی پتہ ہے کہ ہماری ٹورنامنٹ میں ڈائرکشن کیا ہوگی۔ مکی آرتھر نے مزید کہاکہ ورلڈکپ سے قبل ایشیاء کپ میں ہمیں ہند کے خلاف کھیلنا ہے، اس میچ کا چرچا ہے لیکن دیگر ٹیمیں بھی کم ترنہیں۔ سب ٹیمیں تیاری کے ساتھ آئی ہیں۔ ایشیاء کپ مشکل ٹورنامنٹ ہے، کسی حریف کو کم تر نہیں سمجھ سکتے۔ اپنے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو بھی پرکھنے کاموقع مل رہا ہے۔ ویراٹ کوہلی کے نہ کھیلنے پر مکی آرتھر نے کہاکہ بلاشبہ کوہلی ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں ان کے نہ ہونے سے ٹیم کمزور ہوجاتی ہے اس کے باوجود ہندوستانی ٹیم بہت اچھی ہے۔ ان حالات کیلئے ہندوستانی ٹیم بہت اچھی ہے۔ ان کے فاسٹ اور اسپن بولر بہت اچھے ہیں۔ ہندوستانی ٹیم کو ون مین شو قرار دینا درست نہیں۔ مجھے امید ہے کہ اگر ہم اچھا کھیلے تو پھر 19 ستمبر کو یہاں اچھا میچ ہوگا۔اسی دوران ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز امباٹی رائیڈو نے کہاکہ ہندوستانی ٹیم کافی مضبوط ہے اور وہ کپتان کوہلی کے بغیر بھی جیت حاصل کرسکتی ہے۔ واضح رہے کہ رائیڈو کو یویو ٹسٹ میں کامیابی کے بعد ٹیم انڈیا میں دوبارہ جگہ دی گئی ہے جو یویو ٹسٹ میں ناکامی کے باعث انگلینڈ سیریز سے باہر ہوگئے تھے۔ رائیڈو نے کہاکہ کوہلی بلاشبہ ایک میاچ وننگ کھلاڑی ہیں تاہم ٹیم میں مزید ایسے کئی کھلاڑی موجود ہیں جو کامیابی دلاسکتے ہیں۔ رائیڈو نے دھونی کی زیرقیادت چینائی سوپر کنگز کیلئے کھیلتے ہوئے گذشتہ آئی پی ایل میں 602 رن بنائے تھے۔ انہوں نے کہاکہ 19 ستمبر کو پاکستان کے خلاف ہونے والا میاچ اہم مقابلہ ہے جس میں ان کی ٹیم جیت حاصل کرے گی۔

جواب چھوڑیں