بھینسہ میں آج گنیش وسرجن جلوس ‘ ٹاؤن عملاً چھاونی میں تبدیل

بھینسہ میں جمعہ 21؍ستمبر کو گنیش مورتیوں کا وسرجن کیا جائے گا جبکہ کل یوم عاشور اور جمعہ ہونے کی وجہ سے ضلع پولیس پوری طرح متحرک ہوچکی ہے کیونکہ بھینسہ ایک حسا س ٹاون کے طورپر جاناجاتا ہے ۔ضلع ایس پی نرمل ششی دھر راجو ‘ کی راست نگرانی میں ٹاؤن میں صیانتی انتظامات کئے جا رہے ہیں جبکہ ورنگل آئی جی ناگی ریڈی نے بھی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دونوں طبقات کے عوام سے دوستانہ ماحول فراہم کرنے کی اپیل کی تھی اور شہر کی فضاء کو پرآمن بنانے اور آپسی بھائی چارگی کوفروغ دینے کامشورہ دیا تھا ۔ضلع ایس پی ششی دھرراجو نے ہمراہ ڈی ایس پی بی راجیش ،سرکل انسپکٹر وی سرینواس کے ساتھ اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گنیش مورتیوں کے وسرجن کیلئے وسیع تر صیانتی انتظامات کئے گئے ہیں ۔انہوںنے بتایا کہ اس وسرجن جلوس پر ڈی آئی جی کریم نگر پرمود کمار نظر رکھیںگے اور وہ بھینسہ میں مقیم ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وسرجن کیلئے ایک ایڈیشنل ایس پی ،پانچ ڈی ایس پی ،25؍سرکل انسپکٹرس ،45؍سب انسپکٹرس ،500؍تلنگانہ اسپیشل پولیس جوان ،100؍ہوم گارڈس ،ریاپڈ ایکشن فورس کے علاوہ سادہ لباس میں ملبوس پولیس جوان ۔ڈاگ اسکواڈ ،بموں کو ناکارہ بنانے والا دستہ ،وجرا گاڑی کو طلب کرلیا گیا ہے ۔ ٹاون میں لگائے گئے 60؍سی سی کیمروں سے بھی جلوس پرنظررکھی جائے گی اس کے علاوہ جلوس وسرجن کی ویڈیوگرافی کی جائے گی ۔ سی سی کیمروں کو تلنگانہ ڈی جی پی دفتر سے بھی مربوط کردیاگیا ہے ۔اس کے علاوہ حساس اور ،مذہبی مقامات ، جن میںمسجد پنجہ شاہ ،مارکٹ،بس اسٹانڈ اور دیگر مقاما ت پر پولیس دستوں کو تعینات کرتے ہوئے بڑے بڑے کمیروں کی تنصیب عمل میں لائی گئی ہے اور آہنی جال لگائی گئی ہے جبکہ ٹاون کو دوزون میںتبدیل کردیا گیا ہے اور چھ سکٹرس قائم کئے گئے ہیں ۔ ٹاون میںداخل ہونے والوں راستوںپر پولیس دستوں کو تعینات کرتے ہوئے گاڑیوں کی تلاشی لی جارہی ہے ۔ٹاون کی مختلف سڑکوں پر پولیس اور نیم فوجی دستوں نے فلیگ مارچ کیا۔اس مارچ میںڈی ایس پی بی راجیش ،سرکل انسپکٹر وی سرینواس ،سب انسپکٹرس تروپتی ،پورن چندر کے علاوہ خصوصی ڈی ایس پی اسپیشل برانچ سیتا رامولو ،سب انسپکٹر سرپور رامارائونے حصہ لیا ۔گنیش وسرجن جلو س کی راست نگرانی ضلع ایس پی ششی دھرراجو کریںگے۔ بھینسہ میںجملہ 130چھوٹی بڑی گنیش مورتیوںکو بٹھایا گیا ہے جس کا وسرجن گڈنا واگو پراجکٹ میں عمل میںآیا جہاں محکمہ بلدیہ کی جانب سے تمام انتظامات کیئے گئے ہیں ۔اس کے علاوہ یوم عاشور کے موقع پرذوالفقار کے پنجوں کا علم اورتعزیہ جلوس کا بھی کل بعدعصر نکالاجائیگا ۔

جواب چھوڑیں