ٹی آرایس کے سابق ایم پی رمیش راتھوڑکانگریس میں شامل

ٹی آرایس کے سینئرقائدوسابق رکن پارلیمنٹ عادل آباد رمیش راتھوڑاوران کی اہلیہ سمن راتھوڑسابق ایم ایل اے نے کل اپنے سینکڑوںحامیوںکے ہمراہ گاندھی بھون پہنچ کرکانگریس پارٹی میں شمولیت اختیارکی ۔ صدر ٹی پی سی سی اتم کمارریڈی ودیگر قائدین نے رمیش راتھوڑاوران کی اہلیہ کو کھنڈواپہناکر کانگریس پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں اتم کمارریڈی نے کہاکہ چیف منسٹر کے سی آر نے سماج کے تمام طبقات کے ساتھ کئے گئے وعدوں کونظراندازکرتے ہوئے انہیں دھوکہ دیاہے۔ انہوںنے کہاکہ طلباء ونوجوانوں کی قربانیوںسے ہمیں تلنگانہ حاصل ہواہے لیکن کے سی آر حکومت نے شہیدان تلنگانہ کے ورثاء کے لئے کچھ نہیں کیااور انہیں دھوکہ دیا ۔انہوںنے کہاکہ تلنگانہ کے عوام نے اس یقین کے ساتھ تحریک میں حصہ لیاتھا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد ریاست کی ترقی سے انہیں فائدہ حاصل ہوگا لیکن کے سی آر نے عوام کے خوابوں کو چکناچورکردیا اور صرف اپنے اور اپنے ارکان خاندان کی خوشحالی کے لئے کام کیا ۔ انہوںنے کہاکہ آئندہ انتخابات ‘کے سی آر خاندان اور تلنگانہ عوام کے درمیان ہوں گے اور انتخابات میں عوام کے سی آر کوان کے گناہوںکی سزاء دیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کے اندراج کیلئے 25ستمبرآخری تاریخ مقرر کی گئی ہے ایسے میں انہوںنے کانگریس کارکنوں کو ہدایت دی کہ وہ متعلقہ حلقوں میں ناموں کے اندراج کیلئے عوام سے تعاون کریں۔ صدرپردیش کانگریس نے کہاکہ کے سی آر وزیر اعظم نریندرمودی کے ساتھ خفیہ سازباز کرتے ہوئے غلط فہرست رائے دہندگان پر انتخابات کروانا چاہتے تھے لیکن کانگریس نے فہرست رائے دہندگان میں 21لاکھ بوگس ناموں کاانکشاف کرتے ہوئے حقیقت کو منظر عام پر لایا ۔ رمیش راتھوڑ اوران کی اہلیہ سمن راتھوڑنے بھی خطاب کیا۔

جواب چھوڑیں