منوہر پاریکر‘ چیف منسٹر گوا برقراررہیں گے: امیت شاہ

صدر بی جے پی امیت شاہ نے آج کہاکہ چیف منسٹر گوا منوہر پاریکر اپنے عہدہ پر برقراررہیں گے ۔ شاہ نے یہ اعلان بھی کیا کہ ریاستی وزراء کی ردوبدل‘ جلد ہوگی۔گوا سے تعلق رکھنے والی بی جے پی کور گروپ ٹیم سے بات چیت کے بعد اُنہوںنے اپنے ٹوئیٹ میں مذکورہ خیال کا اظہار کیا اور کہاکہ ’’ گوا بی جے پی کور ٹیم کے ساتھ مذاکرات کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا کہ منوہر پاریکر‘ حکومت گوا کی قیادت جاری رکھیں گے۔ وزراء اور قلمدانوں کی ردوبدل ہوگی‘‘۔ یہاں یہ تذکرہ بیجانہ ہوگا کہ پاریکر کی خرابی صحت کے سبب ‘ چیف منسٹر کے عہدہ پر اُن کی برقراری کے بارے میں قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں اور امیت شاہ نے حال ہی میں پارٹی کے مرکزی قائدین کی ایک ٹیم‘ اِس ساحلی ریاست کو روانہ کی تھی تاکہ یہ ٹیم‘ حلیفوں سے بات چیت کرے اور وہاں کی سیاسی صورتحال کاجائزہ لے۔ اپوزیشن کانگریس نے جو گوا میں واحد سب سے بڑی پارٹی ہے‘ تشکیل حکومت کا دعویٰ پیش کیا ہے جبکہ بی جے پی کا کہنا ہے کہ اُس کی حکومت کو ارکان اسمبلی کی اکثریت کی تائید بدستور حاصل ہے۔ یہاں یہ بات بتلادی جائے کہ پاریکر‘ دہلی کے آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف سائنس ( ایمس ) میں شریک ہیں اور اُن کے لبلبے کا علاج جاری ہے۔

جواب چھوڑیں