بنگلہ دیش‘ پاکستان کو ہراکر ایشیاء کپ کے فائنل میں داخل

مشفق الرحیم کی شاندار بیاٹنگ اور مستفیض الرحمن کی بہترین بولنگ کی مدد سے بنگلہ دیش نے اہم میاچ میں پاکستان کو 37 رنوں سے شکست دیکر ایشیاء کپ کے فائنل میں جگہ بنالی۔ جہاں اس کا سامنا جمعہ کو ہندوستان سے ہوگا۔ پاکستان کو جیت کیلئے 240 رنوں کی ضرورت تھی تاہم وہ 50 اوورس میں 9 وکٹس پر 202 رن ہی بناسکی۔ پاکستان کیلئے اوپنر امام الحق نے سب سے زیادہ 83 رن بنائے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کپتان سرفراز 10‘ شعیب ملک 30 اور آصف علی 31 رن بناکر آئوٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے مستفیض الرحمن نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 جبکہ مہدی حسن نے 2 اور روبل حسین‘ محمود اللہ اور سومیا سرکار نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں بنگلہ دیش کی ٹیم پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے 239 رن بناکر آئوٹ ہوگئی۔ بنگالی ٹیم کی شروعات بھی انتہائی ناقص رہی جس نے صرف 12 رن کے مجموعی اسکور پر 3 وکٹس گنوادیئے تھے تاہم سابق کپتان مشفق الرحیم اور محمد متھن نے چوتھی وکٹ کیلئے 144 رنو ںکی شاندار شراکت داری کرتے ہوئے ٹیم کو قابل دفاع اسکور کرنے میں مدد دی۔ مشفق الرحیم بدقسمتی سے 116 گیندوں میں 9 چوکوں کی مدد سے 99 رن بناکر آئوٹ ہوئے جبکہ محمد متھن نے 84 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 60 رن اسکور کئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں اوپنر لٹن داس 6‘ مومن الحق 5‘ امرالقیس 9‘ محمود اللہ 25‘ مہدی حسن 12 اور کپتان مشرفی مرتضیٰ 13 رن بناکر آئوٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر جنید خان نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 9 اوورس میں صرف 19 رنوں کے عوض 4 وکٹس حاصل کئے جبکہ دیگر بولرس میں شاہین آفریدی اور حسن علی نے 2,2 جبکہ شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب چھوڑیں