افراد خاندان کو فائدہ پہنچانے جلد انتخابات کا فیصلہ ۔ کے سی آر پر سمرتی ایرانی کا الزام

مرکزی وزیر ٹکسٹائل سمرتی ایرانی نے آج الزام عائد کیا کہ تلنگانہ کے نگرانکار چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اپنے افراد خاندان کے فائدہ کیلئے عوام سے مزید پانچ سال کیلئے تازہ خط اعتماد حاصل کرنے کیلئے ریاست میں قبل از وقت انتخابات کرانے کا راستہ اختیار کیا ہے ۔ ضلع میدک کے چیہ گنٹہ میںبی جے پی کی جانب سے منعقدہ ’’ مہیلا سمبھارام سبھا ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے سمرتی ایرانی نے کہا کہ ریاستی کا بینہ میں ایک بھی خاتون کو جگہ نہ دیتے ہوئے حکومت تلنگانہ نے خواتین کی توہین کی ہے دوسری جانب نریندر مودی کی حکومت، خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کی بہبود کیلئے کئی فلاحی اسکیمات کو روبہ عمل لارہی ہے ۔ انہوں نے 17 ستمبر کو سرکاری سطح پر حیدرآباد لبریشن ڈے تقاریب کا اہتمام نہ کرنے پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ مسلسل اور بے تھکان جدوجہد کے بعد عوام کو نظام کی حکمرانی سے نجات ملی ۔ مرکز کی جانب سے متعارف کردہ مختلف فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کا تفصیلی تذکرہ کرتے ہوئے سمرتی ایرانی نے کہا کہ80 لاکھ بیڑی ورکروں کو آئی ڈی کارڈز فراہم کئے گئے ہیں۔ جبکہ ہینڈ لومس مزدوروں کی بہبود کیلئے خصوصی پروگرامس منعقد کئے جارہے ہیں۔ اس سبھا سے صدر ریاستی بی جے پی ڈاکٹر لکشمن کے بشمول پارٹی کے دیگر قائدین نے خطاب کیا ۔ حلقہ اسمبلی دوباک اور قریبی علاقوں سے خواتین کی بہت بڑی تعداد اس پروگرام میں شریک تھیں۔

جواب چھوڑیں