او آئی سی میں پاکستان کا مسئلہ کشمیر اٹھانا غیرضروری: ہندوستان

 ہندوستان نے تنظیم اسلامی تعاون (او آئی سی) میں پاکستان کی جانب سے مسئلہ کشمیر اٹھانے پر سخت اعتراض کیا اور کہا کہ اس گروپ اور اس کے رکن ممالک کے لئے کسی بھی کثیر رخی ڈھانچہ میں ہندوستان کے داخلی امور سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال ’’غیر ضروری ‘‘ ہے۔ پاکستان نے او آئی سی رابطہ گروپ کے اجلاس میں کل یہ مسئلہ اٹھایا تھا۔ یہ اجلاس‘ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 73 ویں سیشن کے وقفوں کے دوران منعقد ہوا تھا ۔ وزارت ِ خارجہ کے ترجمان رویش کمار سے او آئی سی کے اجلاس میں پاکستان کی جانب سے مسئلہ اٹھائے جانے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ انتہائی افسوس کے ساتھ اس بات کا نوٹ لیتے ہیں کہ ہندوستان کے داخلی امور سے متعلق مسئلہ پر او آئی سی میں بار بار تبادلہ خیال کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اس معاملہ سے متعلق ایسے حوالوں کو مستر دکرتا ہے کیونکہ یہ اس کا داخلی معاملہ ہے۔ ہم نے ماضی میں بھی کہا ہے کہ ہندوستان کے داخلی امور پر تبصرہ کرنے او آئی سی کوئی موقف اختیار نہیں کرسکتا۔ یہ او آئی سی اور اس کے رکن ممالک کے لئے بالکلیہ غیرضروری ہے کہ وہ کسی کثیر تنظیمی ڈھانچہ میں ہندوستان کے داخلی امور سے متعلق معاملات پر تبصرہ کریں۔

جواب چھوڑیں