فٹبالر محمد صلاح فیفا ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام

فٹبال کی عالمی تنظیم نے اپنی روایتی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے سیزن کے سب سے کامیاب اور ریکارڈ ساز فٹبالر محمد صلاح کو مکمل طورپر نظرانداز کردیا ہے جس پر فٹبال ماہرین نے بھی حیرت کا اظہار کیاہے۔ محمد صلاح نے گزشتہ سیزن میں لیور پول میں اپنے پہلے سیزن کے 52 میاچس میں 44 گول اسکور کئے تھے۔ انہوں نے سیزن کے ٹاپ اسکورر اور کئی ریکارڈ قائم کرنے والے فٹبالر کا اعزاز حاصل کیاتھا۔ ان کی کارکردگی کی وجہ سے لیور پول نے چمپئنس لیگ کا فائنل کھیلا جبکہ ان کی قومی ٹیم مصر نے ورلڈکپ تک رسائی حاصل کی۔ محمد صلاح سال کے بہترین فٹبالر کے طورپر فیفا ایوارڈ کے مضبوط امیدوار بھی تھے جہاں انہیں کروشیا کے لوکا موڈرچ نے پیچھے چھوڑا تاہم اپنے خطاب میں کروشین فٹبالر نے محمد صلاح کی تعریف کی۔ تقریب کے دوران ہی فیفا کی روایتی ٹیم کا اعلان بھی ہوتا ہے جس میں دنیا بھر کے معروف کھلاڑیوں میں سے منتخب کردہ فٹبالرز شامل ہوتے ہیں۔ فیفا کی اس ٹیم میں سے محمد صلاح کا نام غائب ہے اور کوئی وجہ بھی کسی کو سمجھ نہیں آرہی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سیزن کے بہترین گول کا ایوارڈ بھی محمد صلاح کو ملا لیکن اس ٹیم میں ان کی جگہ پھر بھی نہ بن سکی۔

جواب چھوڑیں