میہول چوکسی کی ہندوستان حوالگی ‘ اینٹیگوا کا بھرپور تعاون کا تیقن

 وزیر خارجہ سشما سوراج کو اینٹیگوا اور باربوڈا کے وزیر خارجہ چیٹ گرینی سے ملاقات کے دوران تیقن دیا گیا کہ مفرور تاجر میہول چوکسی کی ہندوستان کو حوالگی میں بھرپور تعاون کیا جائے گا جو مبینہ طورپر پنجاب نیشنل بینک(پی این بی) اسکام میں ملوث ہے۔ وزارت ِ خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے ٹویٹر پر کہا کہ گرینی نے وزیر خارجہ کو اپنے وزیراعظم کے اس تیقن سے واقف کرایا کہ میہول چوکسی کی ہندوستان کو حوالگی کے معاملہ میں ان کی حکومت مکمل تعاون کرے گی۔ یہ ملاقات نیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کے وقفوں کے دوران ہوئی۔ باور کیا جاتا ہے کہ حکومت اینٹیگوا اس مسئلہ کو ملکی قانون کے دائرہ میں حل کرنے سے گہری دلچسپی رکھتی ہے۔ اینٹیگوا کے وزیر نے سشما سوراج کو بتایا کہ حوالگی کے عمل کو بعض قانونی اور عدالتی طریقوں سے گذرنا پڑتا ہے۔ اسی دوران سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وزیر خارجہ نے کئی عالمی قائدین اور وزرائے خارجہ بشمول وزیراعظم نیپال کے پی شرما اولی سے ملاقات کی۔ ایک اور اطلاع کے مطابق سشما سوراج نے آج نیویارک میں ایک مصروف ترین دن گذارا اور کئی اہم قائدین سے ملاقاتیں کیں ۔ انہوں نے کئی باہمی اور کثیر رخی میٹنگس میں بھی شرکت کی۔ جاپانی وزیر خارجہ تاراکونو سے بھی ان کی ملاقات ہوئی۔

جواب چھوڑیں