ورلڈکپ میں ہم تمام ٹیموں کیلئے خطرہ ہوںگے:افغان کپتان

افغانستان کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ اپنی کارکردگی سے سب کو حیران کردیا ہے۔ سری لنکا اور بنگلہ دیش کو گروپ میاچس میں شکست دی جبکہ سوپر فور مرحلے میں پاکستان ٹیم کو ناکوں چنے چبوادیئے۔ اس کے بعد ہندوستان کے خلاف اپنا آخری میچ ٹائی کرکے افغان ٹیم نے دنیا کی صف اول کی ٹیم کے خلاف اپنی کارکردگی سے دنیائے کرکٹ کو حیران کردیا۔ افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اصغر افغان نے کہاکہ ایشیا کپ میں ہم نے بڑی ٹیموں کے خلاف کارکردگی دکھاکر ورلڈکپ کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ٹیم کی کارکردگی پر ہمیں فخر ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ آئندہ سال انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈکپ میں اپنی کارکردگی سے سب کوحیران کر دیں گے۔ میری بات یاد رکھیں۔ اصغر افغان نے کہاکہ ہم دبئی میں دنیا کی دیگر ٹیموں میں سب سے زیادہ کرکٹ کھیل چکے ہیں۔ اگر ابوظبی کے بجائے ہم دبئی میں زیادہ میچ کھیلتے تو ہماری کارکردگی مزید بہتر ہوتی۔ دبئی میں کم میچ دے کر ہمارے ساتھ بے وفائی ہوئی نا تجربہ کاری کی وجہ سے ہم قریب آکر فائنل نہ کھیل سکے۔ اب ہمیں پتہ چل گیاکہ ہمیں آگے کیا کرنا ہے۔ مستقل مزاجی دکھاکر انٹر نیشنل سطح پر نام کمانا چاہتے ہیں۔ انضمام الحق بھی ہمارے ساتھ کافی محنت کرکے گئے ہیں لیکن ٹیم کے موجودہ ہیڈکوچ فل سمنز نے ہماری ٹیم میں نئی جان ڈال دی ہے۔

جواب چھوڑیں