رئیل میڈرڈ، بارسیلونا اور لیور پول کو اپ سیٹ شکست

دنیائے فٹبال کے 3 معروف کلب کیلئے نئے سیزن کا آغاز زیادہ خوشگوار ثابت نہیں ہوا اور موجودہ چمپئنس لیگ چمپئن ہسپانوی کلب رئیل میڈرڈ، رنر اپ لیور پول اور سابق چمپئن بارسیلونا کی ٹیمیں اپنی اپنی لیگ میں شکست سے دوچار ہوئیں۔ لیور پول انگلش لیگ کپ سب سے کامیاب کلب ہے لیکن اس مرتبہ اسے چیلسی نے پہلے ہی میچ میں شکست دیکر لیگ سے باہر کردیا ہے۔ یہ سیزن میں لیور پول کی پہلی شکست بھی ہے اور اسے 1-2 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈینیل اسٹرج نے لیور پول کو برتری دلادی تھی لیکن اس کے بعد اس کی جانب سے مزید کوئی گول نہ ہوسکا جبکہ چیلسی نے دوسرے ہاف کے دوران یکے بعد دیگرے 2 گول کرکے مقابلہ جیت لیا۔ میچ کا فیصلہ کن گول متبادل کھلاڑی ایڈن ہیزرڈ کے حصہ میں آیا۔ دوسری جانب اسپینش لیگ کے دوران رئیل میڈرڈ کو غیرمتوقع طورپر سیویلا کے خلاف 0-3 کی ناکامی سے دوچار ہونا پڑا۔ رئیل میڈرڈ نے گزشتہ سیزن میں مسلسل تیسری مرتبہ یوروپ کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ چمپئنس لیگ جیتا تھا جبکہ اس کے کروشین کھلاڑی لوکا موڈرچ نے حال ہی میں سال کے بہترین فٹبالر کا اعزاز بھی جیتا۔ اس میچ میں موڈرچ کا ایک گول ریفری نے تسلیم نہیں جبکہ اسے کارڈ بھی دکھایاگیا اور پھر باہر بٹھا دیاگیا۔ پہلے ہاف میں آندرے سلوا اور وسام بن حیدر نے ایک ایک گول کیا جبکہ تیسرا گول دوسرے ہاف میں ہوا۔ لیگ کے ایک اور میچ میں چمپئن ٹیم بارسیلونا کو بھی اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ غیرمعروف کلب لیگانس نے اسے 1-2 سے ہرایا۔ برازیلی کھلاڑی فلپے کوٹنہو نے بارسلونا کو برتری دلائی تھی لیکن اسے برقرار نہ رکھا جاسکا۔ رئیل میڈرڈ سے مستعار لئے گئے کھلاڑی آسکر روڈرگز نے میچ برابر کیا جبکہ لیور پول کے سابق کھلاڑی نبیل الزاہر نے دوسرا اور فیصلہ کن گول کرتے ہوئے لیگانس کی فتح کی راہ ہموار کردی۔ کپتان اور عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی لیونل میسی نے کوشش کی لیکن ان کا جادو بھی نہ چل سکا اور وہ کوئی گول نہ کرپائے۔ اسی دوران یووینٹس کے پرتگالی اسٹرائیکر کرسٹیانو رونالڈو پر ایک میچ کی پابندی عائد کردی گئی۔ رونالڈو آئندہ ہفتے ینگ بوائز الیون کے خلاف میچ نہیں کھیل سکیں گے۔ انہیں 23 اکتوبر کو چمپئنس لیگ میں مانچسٹر یونائیٹڈ کے خلاف ایکشن میں دیکھا جاسکے گا۔

جواب چھوڑیں