ریونت ریڈی کے مکان کی دوسرے دن بھی تلاشی

انکم ٹیکس کے عہدیداروں نے پردیش کانگریس تلنگانہ کے کارگذار صدر اے ریونت ریڈی کے مکان کی جمعہ کے روز دوسرے دن بھی تلاشی لی ۔ عہدیداروں نے جمعرات کی صبح میں ریونت ریڈی کی قیامگاہ جو بلی ہلز پر دھاوا کیا تھا آج دوسرے دن بھی ریڈی کی قیام گاہ کی تلاشی مہم جاری رہی ۔ دستاویزات کی بنیاد پر یہ دھاوے کئے گئے ۔ عہدیداروں نے ریونت ریڈی کی انکم اور ان کی جانب سے داخل کردہ ریٹرنس میں تفاوت پایا ۔ آئی ٹی عہدیداروں نے یہ بھی پایا کہ بیرونی فنڈس کو ان کے دو اکاونٹس میں جمع کرایا گیا ۔ اب اس بات کی تحقیقات کی جارہی ہیں کہ آیا ان رقومات کو دوسری طرف منتقل تو نہیں کیا گیا ہے۔ محکمہ انکم ٹیکس کے عہدیداروں نے ریڈی کے رشتہ داروں اور ان کے دوستوں کے مکانات پر بیک وقت دھاوے کئے تھے ۔ ان میں کیاش فارووٹ اسکام کے دو ملزمین میں شامل ہیں۔ اسکام کے دوملزمین اودئے سمہا اور بشپ ہیری سبستین کے مکانات پر بھی جو شہر کے مختلف مقامات پر واقع ہیں‘ دھاوے کئے گئے ۔پردیش کانگریس کے قائدین نے ریونت ریڈی اور ان کے رشتہ داروں کے مکانات پردھاؤںکو سیاسی انتقامی کاروائی سے تعبیر کیا ہے ۔

جواب چھوڑیں