لتا منگیشکر کی 89ویں سالگرہ پر بالی ووڈ کی مبارکباد

سُروں کی ملکہ لتامنگیشکر جمعہ کو89برس کی ہوگئیں۔اس موقع پر انل کپور،مادھوری دکشت نینے اور مدھور بھنڈارکر جیسی فلمی شخصیات نے ان کی صحتمندی و طویل عمری کی خواہش کی۔ منگیشکر نے1943ء میں مراٹھی فلم ’’کیٹی ہسال‘‘ کے لیے ’’ناچو یا گڈے، کھیلو ساری، مانی ہوس بھاری…‘‘ نغمہ سے 13سال کی عمر میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ ہندی فلموں میں وہ وسنت جوگلیکر کی فلم ’’آپ کی سیوا میں‘‘ کے لیے ’’پا لاگو کر جوری رے‘‘ نغمہ کے ذریعہ داخل ہوئیں۔موسیقار غلام حیدر نے 1948ء میں فلم ’’مجبور‘‘ میں ’’دل میرا توڑا‘‘ نغمہ کے ذریعہ لتا کو پہلا بڑ ا موقع دیا۔ ’’محل‘‘ میں آئے گا آنے والا‘‘ ان کا پہلا نغمہ تھا جو بے حد مقبول رہا۔ بُلبُل ہند سے مشہور لتا کے کچھ نغموں میں ’’دل وِل پیار ویار‘‘، ’’بندیا چمکے گی‘‘، ’’تونے او رنگیلے کیسا جادو کیا‘‘، ’’میرے ہاتھوں میں‘‘، ’’آجا شام ہونے آئی‘‘، ’’ دل دیوانہ بن سجنا کے‘‘ اور ’’کتنے عجب رشتے رشتے ہیں یہاں پے‘‘ شامل ہے۔ ان کا ایک بے حد یادگار نغمہ ’’اے میرے وطن کے لوگو‘‘ ہے۔ انل کپور نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’’سالگرہ مبارک، لتا منگیشکر جی! ہر موڈ کے لیے ہمیں نغمے دینے پر آپ کا شکریہ ۔ آپ کی آواز ہمارے دلوں میں ہمیشہ گونجے گی۔ آپ کی صحتمندی اور خوشحالی کی تمنا کرتا ہوں۔‘‘ مدھربھنڈارکر نے کہا کہ ’’بلبل ہند اور ماں سرسوتی لتا منگیشکر دیدی کو سالگرہ مبارک۔ آپ کی خوشحال اور صحت مند زندگی کا متمنی۔ موسیقی کی دیوی۔‘‘ مادھوری دکشت نینے نے کہا کہ ’’آپ کی خوبصورت آواز کے لیے ’’دل تو پاگل ہے، دل دیوانہ ہے۔ آپ حقیقی معنوں میں سُروں کی ملکہ ہیں لتاجی، سالگرہ مبارک! آپ کی صحت اور خوشی کے لیے دعاگو۔‘‘

جواب چھوڑیں