میڈیا اڈوائزربرٹش ہائی کمیشن کی ایڈیٹرانچیف روزنامہ منصف جناب خان لطیف محمدخان سے ملاقات

سینئر میڈیا اڈوائزر برٹش ہائی کمیشن نئی دہلی اسد مرزا نے آج دفتر روزنامہ منصف پہنچ کر ایڈیٹر انچیف روزنامہ منصف جناب خان لطیف محمدخان سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران ملک وبیرون ملک مسلمانوں کی تعلیمی ومعاشی صورتحال پرتفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ اسد مرزا29ستمبرکومفخم جاہ کالج آف انجینئرنگ اینڈٹکنالوجی میں منعقد شدنی پروگرام بعنوان’’ تمام مذاہب کی تعلیم ایک ہی ہے اور ان تعلیمات کی روشنی میں کس طرح مذہبی ہم آہنگی کوپروان چڑھایا جاسکتا ہے ‘‘ میں شرکت کے لئے حیدرآبادآئے ہوئے ہیں ۔ نمائندہ منصف سے بات کرتے ہوئے اسد مرزانے بتایا کہ حکومت برطانیہ ‘عالمی سطح پر مختلف مذاہب کے ماننے والوں میں مختلف مذاہب کی تعلیمات کی روشنی میں ہم آہنگی کوفروغ دینا چاہتی ہے ۔ اس سلسلہ میں نوجوان عالمی شہریوں کوبااختیار بنانے کے مقصد سے مختلف ممالک کے مختلف شہروں میں پروگرامس منعقد کئے جارہے ہیں۔ ہندوستان میں اس مقصد کے لئے شہر حیدرآباد کاانتخاب عمل میں لایاگیا ہے ۔ حیدرآباد میں ابتدائی مرحلہ میں پانچ تعلیمی اداروں ویمنس ڈگری کالج کوٹھی ‘شاداں انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس‘ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی ‘میسکوکالج آف فارمیسی‘ میسکو کالج آف بزنس مینجمنٹ اور مفخم جاہ کالج آف انجینئرنگ اینڈٹکنالوجی سے 57 طلباء کا انتخاب کرتے ہوئے سہ روزہ اورینٹیشن ورکشاپ بعوان مذہب اورہم آہنگی اور ہماری ذمہ داری منعقد کیاگیا۔ اس تربیتی ورکشاپ کے بعدان اداروں کے طلباء نے سماجی ویب سائٹس پر اس مہم سے دوسرے طلباء کو جوڑنے کے لئے تشہیری مہم چلائی جس کے مثبت نتائج برآمدہونے کے قوی امکانات ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ اس سلسلہ کے دوسرے مرحلہ کے تحت مفخم جاہ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی میں ’’ تمام مذاہب کی تعلیم ایک ہی ہے اوران تعلیمات کی روشنی میں کس طرح مذہبی ہم آہنگی کوپروان چڑھایاجاسکتا ہے‘‘ ۔ کے عنوان پر سیمنارمنعقد کیا جارہا ہے ۔ اس سمینار سے عبدالقیوم خان (موظف آئی پی ایس ) اور انڈریوفسیلمنگ ڈپٹی برٹش ہائی کمشنر متعینہ حیدرآباد خطاب کریں گے۔ اس کے علاوہ پروگرام کے اختتام پر تربیت یافتہ طلباء میں اسناد کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی ۔ اسدمرزا نے مزید کہاکہ مستقبل میں غیرسرکاری سماجی تنظیم روبروکے تعاون واشتراک سے اس مہم کو دیگر تعلیمی اداروں تک توسیع کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہاکہ برٹش ہائی کمیشن کی جانب سے طلباء کی شخصیت سازی اوراپنے خیالات ونقطہ نظر کو ٹھوس انداز میں طلباء برادری میں پیش کرنے کی تربیت دی جارہی ہے۔

جواب چھوڑیں