سائبر حملہ‘ فیس بک کے 50 ملین اکاؤنٹس متاثر

فیس بک کے سی ای او مارک زکربرگ نے کہا ہے کہ نامعلوم ہیکرس کے حملہ کے باعث 50 ملین سے زائد فیس بک یوزرس کا ڈاٹا خطرہ میں پڑگیا ہے۔متاثرہ اکاؤنٹس کی قابل لحاظ تعداد کا تعلق ہندوستان سے ہوسکتا ہے۔ سوشیل میڈیا کی سب سے بڑی کمپنی نے جو احتیاطی اقدامات کئے ہیں ان سے مزید 40 ملین یوزرس متاثر ہوئے ہیں۔ زکربرگ نے جمعہ کے دن میڈیا نمائندوں سے کانفرنس کال میں یہ نہیں بتایا کہ ڈاٹا بریچ سے کس ملک کے کتنے اکاؤنٹس متاثر ہوئے تاہم قابل لحاظ تعداد کا تعلق ہندوستان سے ہوسکتا ہے۔ ہندوستان میں کمپنی کے 270 ملین یوزرس ہیں۔ دنیا بھر میں اس کے یوزرس کی تعداد 2 بلین ہے۔ فیس بک نے پی ٹی آئی کے اس سوال کا جواب نہیں دیا کہ ہندوستان میں متاثرہ اکاؤنٹس کی تعداد کتنی ہے۔ زکربرگ کا کہنا ہے کہ منگل کی دوپہر ان کی انجینئرنگ ٹیم نے دیکھا کہ ہیکرس کے حملہ سے فیس بک کے 50ملین اکاؤنٹس متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات ابھی ابتدائی مرحلہ میں ہیں۔ فیس بک کو پتہ نہیں کہ کسی اکاؤنٹ کا بے جا استعمال ہوا یا نہیں۔ اسے یہ بھی نہیں معلوم کہ سابر حملہ کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے۔

جواب چھوڑیں