ڈی آرسی شارٹ ونڈے میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے آسٹریلیائی

ویسٹرن آسٹریلیا کے اوپنر ڈی آرسی شارٹ نے ونڈے کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے ملکی کھلاڑی کا اعزاز پالیا۔ ڈی آرسی شارٹ نے 23 چھکوں اور 15 چوکوں کی بدولت 148 گیندوں پر 257 رنز بنائے۔ ان کی عمدہ کاوش سے تقویت پاتے ہوئے ٹیم 47 اوورز میں 387 رنز بناکر آل آئوٹ ہوئی، میتھیو کوہنمین نے 3 وکٹیں لیں۔ حریف ٹیم 42.3 اوورز میں 271 پر سمٹ گئی۔ ہیزلٹ 107 اور کرس لین 58 رنز بناکر نمایاں رہے۔ اینڈریو ٹائی نے 46 رنز دیکر 6 وکٹس حاصل کئے۔ ویسٹرن آسٹریلیا نے مقابلہ باآسانی 116 رنز سے جیت لیا۔ لسٹ اے میاچس میں سب سے بڑی انفرادی اننگز 268 کا ریکارڈ انگلش کائونٹی سرے کے الیسٹر برائون کے پاس ہے۔ انہوں نے یہ کارنامہ 2002 میں گلیمورگن سے میچ میں انجام دیا تھا۔ ہندوستان کے سلامی بلے باز روہت شرما 264 رنز بناکر دوسرے نمبر پر ہیں۔ روہت شرما نے یہ اننگز 2014 میں سری لنکا کے خلاف کھیلی۔ شارٹ کے 23 چھکے بھی ونڈے کا ریکارڈ ہیں۔ نیوزی لینڈ کے کولن منرو فرسٹ کلاس میچ کی ایک اننگز میں 23 چھکے لگاچکے ہیں۔

جواب چھوڑیں