کانگریس کے مسلم قائدین کااجلاس ‘اقلیتی سب پلان کی تدوین کاتیقن:اتم کمارریڈی

تلنگانہ کانگریس کے مسلم قائدین کا ایک اہم اجلاس آج نظام کلب حیدرآباد میں نائب صدر پردیش کانگریس کمیٹی وکنوینرمنشور کمیٹی کی صدارت میں منعقدہوا۔ اجلاس میں صدر ٹی پی سی سی اتم کمارریڈی ‘قائد اپوزیشن محمدعلی شبیر ‘اے آئی سی سی سکریٹریز سلیم احمد‘ این بوس راجو ‘ سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودر راج نرسمہا ‘ چیرمین مائناریٹی ڈپارٹمنٹ خواجہ فخر الدین ودیگر قائدین نے شرکت کی ۔ اجلاس میں مسلمانوں کے سیاسی ‘تعلیمی ومعاشی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ اقلیتی سب پلان ‘ وقت بورڈ کوعاملانہ اختیارات ‘مسلمانوں کو اسمبلی وپارلیمنٹ میں مناسب نمائندگی ‘ مائناریٹی فینانس کارپوریشن سے راست قرضوں کی اجرائی اور اقلیتوں کوتعلیمی سہولتیں فراہم کرنے جیسے اہم مسائل کوکانگریس کے انتخابی منشور میں شامل کرنے کا مطالبہ کیاگیا اور آلیرانکاونٹر جس میں پولیس نے 5زیر دریافت مسلم قیدیوں کوہلاک کردیاتھاکی دوبارہ تحقیقات پر زوردیا گیا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمارریڈی نے مسلم قائدین کوتیقن دیاکہ اقلیتوں کی فلاح وبہبود کے لئے اقلیتی سب پلان مدون کیا جائے گا اوراس وعدہ پلان کوپارٹی کے منشور میں شامل کیاجائے گااور کانگریس کے برسراقتدار آنے کے پہلے سال سالانہ بجٹ میں 5 ہزار کروڑروپیہ مختص کئے جائیں گے۔ وقف جائیدادوں کے تحفظ کیلئے وقف بورڈ کو عاملانہ اختیارات دینے کے لئے قانون سازی کی جائے گی۔ اقلیتی نوجوانوں کو اقلیتی مالیاتی کارپوریشن سے راست قرض جاری کئے جائیں گے۔ آلیر انکاونٹرپر شبہات کو دور کرنے کیلئے اس کی ازسرنو تحقیقات کرائی جایں گی۔ اجلاس میں مطالبہ کیاگیا کہ اس باراسمبلی انتخابات میں 12 مسلم امیدواروں کوٹکٹ دیا جائے ۔ گذشتہ انتخابات میں 7امیدواروںکو ٹکٹ دیاگیاتھا۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ وہ اس بار 14مسلم امیدواروں کواسمبلی ٹکٹ دیں گے تاہم انہیں طاقتور اورعوام میںمقبول امیدواروں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے نام پیش کئے جانے چاہئے اور ایسے حلقوں کی نشاندہی کی جائے کہ جہاں سے وہ بہ آسانی منتخب ہوسکتے ہیں۔ اجلاس میں تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی میں ایک مسلم قائد کوکارگزار صدر مقرر کرنے کے مطالبہ پر اتم کمارریڈی نے تیقن دیا کہ وہ کانگریس ہائی کمان سے اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کے بعد کوئی فیصلہ کریںگے۔ اتم کمار ریڈی نے اس بات کا بھی تیقن دیا کہ کانگریس کے برسراقتدار آنے کے بعد مختلف کارپوریشن اور بورڈ س میں 10 تا 15 فیصد مسلم قائدین کو نامزد کیا جائے گا۔ محمدعلی شبیر کو اقلیتوں کے اہم مسائل پر کانگریس ہائی کمان سے نمائندگی کیلئے متفقہ طورپر منتخب کیاگیا ۔ اجلاس میں تمام مسلم قائدین نے صدر ٹی پی سی سی کوتیقن دیا کہ وہ متحدہ طورپرانتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے کانگریس پارٹی کی کامیابی کویقینی بنانے کیلئے سخت جدوجہدکریں گے ۔ اجلاس میںصدرضلع کانگریس محبوب نگرعبیداللہ کوتوال ‘ صدر ضلع نظام آباد طاہر بن ہمدان ‘ایس کے افضل الدین ‘ سید عظمت اللہ حسینی ‘عظمیٰ شاکر ‘ محمد مقصود احمد جنرل سکریٹریز‘شیخ عبداللہ سہیل صدر جی ایچ سی سی ‘سید یوسف ہاشمی سکریٹری‘ شجاعت علی شجیع میڈیا کوآرڈنیٹر ‘ محمد خلیق الرحمن سینئر قائد‘ خواجہ ذاکر الدین ‘ اعجاز خان ‘ عبد الصمدخان ‘ مرزامحبوب بیگ ‘ محمدامتیاز احمد ‘ محمد جاوید ودیگر قائدین نے شرک کی ۔

جواب چھوڑیں