ایرانڈیا کو حکومت سے 1146.86کروڑ روپئے وصول طلب

 پیسے کی قلت سے دوچار ایر انڈیا کو حکومت سے وی وی آئی پی چارٹرڈ پروازوں کیلئے 1146.86 کروڑ روپئے کے واجبات وصول طلب ہیں۔ قومی ایرلائن نے ایک آرٹی آئی درخواست کے جواب میں یہ جانکاری دی۔ ایرانڈیا نے 28 ستمبر کو درخواست گذار ریٹائرکموڈور لوکیش بترا کو جانکاری دی کہ وزارتِ دفاع سے 211.17کروڑ‘ کابینی سکریٹریٹ اور پی ایم او سے 543.18 کروڑ اور وزارتِ خارجہ سے 392.33 کروڑ روپئے وصول طلب ہیں۔ صدرجمہوریہ اور نائب صدرجمہوریہ کے دوروں سے متعلق بعض پرانے بل 10 سال سے زیرالتواء ہیں۔ ایرانڈیا نے جاریہ سال پچھلے جواب میں کہاتھا کہ اسے 31جنوری تک 325کروڑ کا بل وصول طلب ہے جو آج بڑھ کر1146.86 کروڑ ہوگیا ہے۔صدر جمہوریہ، نائب صدرجمہوریہ اور وزیراعظم کے بیرونی دوروں کیلئے چارٹرڈ پروازوں کا انتظام ایرانڈیا کرتی ہے۔ ان دوروں کے لئے وہ اپنے کمرشیل طیاروں کو ممتاز شخصیتوں کی ضروریات کے مطابق ڈھالتی ہے۔ ایرانڈیا کو بل سرکاری خزانہ سے ادا کیاجاتا ہے۔ وزارتِ دفاع ، وزارتِ خارجہ، وزیراعظم کا دفتر اور کابینی سکریٹریٹ اس بل کی ادائیگی کرتے ہیں۔

جواب چھوڑیں