اذان اسکول کاپری پرائمری سیکشن بند‘ احکام جاری

 ڈی ای او حیدرآباد نے اذان اسکول ٹولی چوکی کے پری پرائمری سیکشن کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یکم اکتوبر 2018ء کو جاری کردہ احکام نمبر SPCI/A3/2018کے مطابق اذان اسکول انتظامیہ کی جانب سے قواعد کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ پری پرائمری سیکشن کو گراونڈ فلور پر رکھنے کے بجائے تیسری منزل پر رکھا گیا جس سے طلبہ کے تحفظ کے اقدامات میں کوتاہیاںسرزد ہوئی ہیں۔ علاوہ ازیں انتظامیہ محکمہ تعلیمات سے اجازت کے حصول کے بغیر پری پرائمری سیکشن چلارہا تھا۔ انتظامیہ نے این سی پی سی آر کے قواعد پر عمل نہیں کیا۔ اس لئے عہدیدارانِ مجاز ڈپٹی انسپکٹر آف اسکول گولکنڈہ منڈل اور ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر گولکنڈہ زون کی جانب سے اذان اسکول ٹولی چوکی کے پری پرائمری سیکشن کو فوری اثر کے ساتھ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈی ای او حیدرآباد وینکٹ نرسماں نے ڈپٹی ڈی ای او گولکنڈہ زون اور ڈپٹی انسپکٹر آف اسکول کو ہدایت دی وہ فوری اولیائے طلبہ کا اجلاس طلب کریں اور پری پرائمری سیکشن میں زیر تعلیم طلبہ کو قریب میں واقع اسکولوں میں منتقل کرنے کے اقدامات کریں۔ اطلاع کے مطابق ڈپٹی ڈی ای او گولکنڈہ زون نے 3اکتوبرکو اولیائے طلبہ کا اجلاس طلب کیا ہے۔ جس میں ان کی خواہش کے اسکولوں میں بچوں کو داخلہ دلایا جائے گا۔

جواب چھوڑیں