امیت شاہ کا 10اکتوبر کو دورہ کریم نگر

 گذشتہ ماہ کے وسط میں کانگریس کے مضبوط گڑھ محبوب نگر میں منعقدہ بی جے پی کے پہلے انتخابی جلسہ میں شرکت اور خطاب کرنے کے بعد بی جے پی کے قومی صدرامیت شاہ، 10اکتوبر کو کریم نگر میں منعقد شدنی پارٹی کے ایک اور انتخابی جلسہ سے خطاب کریں گے۔ ریاستی صدر بی جے پی ڈاکٹر کے لکشمن نے آج یہاں میڈیا کے نمائندوں کو یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ کریم نگر کے جلسہ کی تاریخ کو قطعیت دے دی گئی ہے اور اس جلسہ کو کامیاب بنانے کے لئے تیاریاں جاری ہیں۔ شاہ کے اس جلسہ میں عوام کی بھیڑکو اکٹھا کرنے کے لئے پارٹی نے منصوبہ بنالیا ہے۔ 6 ستمبر کو ریاستی اسمبلی کی تحلیل کے بعد امیت شاہ کا یہ دوسرا دورہ تلنگانہ رہے گا جہاں وہ کریم نگر میں پارٹی کے انتخابی جلسہ سے خطاب کریں گے۔ پارٹی نے ریاست بھر میں50 سے زائد انتخابی جلسوں کے اہتمام کا فیصلہ کیا ہے ۔

جواب چھوڑیں