ایپل اکزیکٹیو کی بیوہ کی چیف منسٹر سے ملاقات

گومتی نگر میں کانسٹیبل کی فائرنگ میں ہلاک ایپل اکزیکٹیو کے خاندان نے پیر کے دن چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ سے ملاقات کی اور کہا کہ اسے ریاستی حکومت پر پورا بھروسہ ہے ۔ 38 سالہ ویویک تیواری کی بیوہ کلپنا تیواری نے کہا کہ چیف منسٹر سے ملاقات کے بعد ہمارا بھروسہ بڑھ گیا ہے۔ بدبختانہ واقعہ نے مجھے ہلاکر رکھ دیا ۔ چیف منسٹر سے ملاقات کے بعد مجھ میں اعتماد پیوا ہوا ہے کہ میں اپنے شوہر کی چھوڑی ہوئی ذمہ داریوں کو پورا کرسکتی ہوں۔ کلپنا نے کہا کہ میرے تمام مطالبات مان لئے گئے۔ میں نے خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی‘ میرے لئے سرکاری نوکری‘ مکان‘ بیٹیوں کی تعلیم کے اخراجات اور ساس کے لئے گذارہ کا مطالبہ کیا تھا۔ چیف منسٹر نے یہ سبھی مطالبات قبول کرلئے۔ قبل ازیں ڈپٹی چیف منسٹر دنیش شرما پیر کی صبح ویویک تیواری کے مکان پہنچے تھے۔ وہ اپنے ساتھ کلپنا تیواری‘ ان کی 2 بیٹیوں اور کلپنا کے بھائی کو چیف منسٹر کے بنگلہ (5 کالی داس مارگ) لے گئے۔ چیف منسٹر نے متاثرہ خاندان کی ممکنہ مدد کا وعدہ کیا۔ انہوں نے ویویک کی 2 بیٹیوں سے بھی بات چیت کی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ متاثرہ خاندان ‘ حکومت کے اقدامات سے مطمئن ہے۔ کلپنا کو ان کی تعلیمی قابلیت کے لحاظ سے نوکری ملے گی۔ چیف منسٹر نے 25لاکھ روپے ریلیف‘ دونوں بچیوں کے نام پر فی کس 5 لاکھ روپے فکسڈڈپازٹ اور ساس کے لئے 5 لاکھ روپے کے ایف ڈی کو منظوری دی ہے۔ دنیش شرما نے بتایا کہ میں ارکان خاندان سے ربط میں تھا جن سے میری جان پہچان ہے۔ اتوار کی صبح میں نے لکھنو میں ان سے ملاقات کی تھی۔ ارکان خاندان پہلے بی جے پی میں تھے۔ وہ اس معاملہ میں سیاست نہیں چاہتے۔ آئی اے این ایس کے بموجب چیف منسٹر سے ملاقات کے دوران غمزدہ بیوہ کئی مرتبہ روپڑی۔ اس نے کہا کہ شوہر کے جانے کے بعد بچیوں کی پرورش میرے لئے بڑا مسئلہ ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر دنیش شرما‘ کلپنا تیواری ‘ ان کی 2 لڑکیوں شانو اور شیوی کو ان کے ماموں وشنو تیواری کے ساتھ چیف منسٹر کے پاس لے گئے تھے۔ کانسٹیبل کے ایک عام شہری پر گولی چلادینے کے واقعہ سے پریشان عہدیدار اور بی جے پی کے قائدین اتوار کی رات حرکت میں آگئے تھے۔ انہوں نے یہ یقینی بنایا کہ پیر کے دن چیف منسٹر سب سے پہلے متاثرہ خاندان سے ملاقات کریں۔ پیر کے دن ایک سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آیا جس سے کانسٹیبل کا یہ دعویٰ جھوٹا ثابت ہوا کہ کار روکنے سے انکار پر اس نے کار سوار پر گولی چلائی تھی۔ فوٹیج میں ایس یو وی کی رفتار نارمل ہے اور گاڑی ‘ گولی چلنے کے مقام سے 500میٹر پہلے رک جاتی ہے۔

جواب چھوڑیں