نیرؤ مودی کے 637 کروڑ کے بیرونی اثاثے ضبط

انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ(ای ڈی) نے پیر کے دن کہا کہ اس نے بھگوڑے جوہری نیرؤ مودی کی 637 کروڑ روپے مالیتی بیرونی جائیدادیں ضبط کرلی ہیں۔ ان میں نیویارک کے سنٹرل پارک کے 2 اپارٹمنٹ شامل ہیں۔ اس نے یہ اقدام پنجاب نیشنل بینک(پی این بی) فراڈکیس کی جاریہ تحقیقات کے تحت کیا ہے۔ ای ڈی کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ ایجنسی دیگر غیرملکی ایجنسیوں کے ساتھ اچھے تال میل سے کام کررہی ہے تاکہ مختلف مقامات پر نیرؤ مودی کی بیرونی جائیدادوں کا پتہ چلایا جاسکے اور انہیں ضبط کیا جاسکے۔ ایجنسی نے کہا کہ ضبط کردہ املاک جیویلری‘ بینک کھاتوں اور غیرمنقولہ جائیدادوں کی شکل میں ہیں۔ ان میں نیویارک کے مشہور سنٹرل پارک میں 216 کروڑ مالیتی 2 اپارٹمنٹ شامل ہیں۔ یہ اپارٹمنٹ‘ نیرؤ مودی کے نام پر رجسٹرڈ ہیں۔ اسی دوران لندن کی میرل بون روڈ پر واقع ایک فلیٹ بھی ضبط کرلیا گیا۔ اس فلیٹ کی مالیت 56.97 کروڑ روپے ہے۔ اس فلیٹ کی مالک نیرؤ مودی کی بہن پوروی مودی ہے جو بلجیم کی شہری ہے اور پی این بی اسکام سے اسے بھی فائدہ پہنچا ہے۔ ایجنسی نے نیرؤ مودی‘ پوروی اور دیگر کے 278 کروڑ کے 5 بینک کھاتے بھی ضبط کئے۔ عہدیدار نے کہا کہ ای ڈی ‘ ہانگ کانگ سے 22.69 کروڑ کی ڈائمنڈ جیویلری ہندوستان واپس لے آئی ہے۔ ای ڈی کے بموجب نیرؤ مودی کے خلاف جنوری میں سی بی آئی کیس درج ہونے کے بعد یہ جیویلری ہانگ کانگ برآمد کی گئی تھی۔ اسے ہانگ کانگ میں نیرؤ مودی کی طرف سے ایک خانگی کمپنی کے والٹ میں رکھا گیا تھا ۔ایجنسی نے اس کمپنی اور لندن میں اس کے ہیڈکوارٹر سے ربط پیدا کیا اور کافی سمجھانے اور قائل کرنے کے بعد اس جیویلری کو ہندوستان واپس لایا جاسکا۔ اس جیویلری کا اسٹاک ویلیو 85 کروڑ روپے ہے اور یہ جیویلری فائر اسٹار گروپ آف کمپنیز نے ہانگ کانگ بھیجی تھی۔ آزادانہ تخمینہ میں اس جیویلری کی قیمت 22.69کروڑ روپے ہے۔ ای ڈی نے جنوبی ممبئی میں 19.5کروڑ روپے کا ایک فلیٹ ضبط کیا۔ یہ فلیٹ نیرؤ مودی کی بہن پوروی کے نام پر ہے۔ پوروی نے اسے 2017میں خریدا تھا اورڈیڈ پر نیرؤ مودی کے بھائی نشال نے دستخط کئے تھے۔ نشال بھی بلجیم کا شہری ہے اور اس کے پاس پاور آف اٹارنی ہے لیکن فلیٹ کی رقم پوروی نے برکلے بینک کے اپنے کھاتہ سے ادا کی تھی۔ یہ کھاتہ سنگاپور میں ہے۔ انٹرپول نیرؤ مودی‘ نشال مودی‘ پوروی اور کمپنی اکزیکٹیوز سبھاش پرب کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس جاری کرچکی ہے۔ پیر کے دن انٹرپول نے سی بی آئی اور ای ڈی کی درخواست پر نیرؤ مودی کے بااعتماد عہدیدار آتیہ ناناوٹی کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس جاری کی۔ ناناوٹی‘ ہانگ کانگ میں فائر اسٹار ڈائمنڈس کے بزنس آپریشنس کا ہیڈ تھا۔ سمجھا جاتا ہے کہ وہ بھی بلجیم میں ہے۔ نیرؤ مودی اور ماموں میہول چوکسی (گیتانجلی گروپ ) کے خلاف سی بی آئی اور ای ڈی دونوں ایجنسیاں تحقیقات کررہی ہیں۔ ای ڈی نے 24 مئی اور 26 مئی کو دونوں کے خلاف چارج شیٹ داخل کردی ۔ دونوں کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوچکے ہیں۔ پی ٹی آئی کے بموجب انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے پیر کے دن کہا کہ اس نے نیرؤ مودی اور ان کے خاندان کی 637 کروڑ کی جائیدادیں ضبط کرلی ہیں۔ ان اثاثوں میں نیویارک کے مشہور سنٹرل پارک میں واقع 2 اپارٹمنٹ شامل ہیں۔ پی این بی میں 2 بلین امریکی ڈالر کے مبینہ فراڈ کی تحقیقات میں ای ڈی کا یہ تازہ اقدام ہے۔ ای ڈی نے کہا کہ بین الاقوامی ایجنسیوں کا تعاون کام آرہا ہے۔ اسی کے نتیجہ میں بیرون ِ ملک سے جیویلری ہندوستان واپس لائی جاسکی۔ فوجداری تحقیقات میں بیرون ملک ‘ ہندوستانی ایجنسیوں نے اثاثے ضبط کئے ہوں‘ ایسے کیسس کی تعداد بے حد کم ہے۔ ای ڈی نے جو املاک ضبط کیں ان میں نیویارک کے مشہور سنٹرل پارک میں واقع 2 اپارٹمنٹس کی قیمت 216کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔ یہ دونوں اپارٹمنٹ نیرؤ مودی کے نام پر رجسٹرڈ ہیں۔ لندن کی میرل بون روڈ پر جو فلیٹ ضبط ہوا وہ نیرؤ مودی کی بہن پوروی کے نام پر ہے اور اس کی قیمت 56.97 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔ نیرؤ مودی ‘ پی این بی فراڈ کے بعد سے مفرور ہے۔ ایجنسی ‘ نیرؤ مودی اور ان کے خاندان کے ہندوستان میں تاحال 700کروڑ روپے مالیتی اثاثے ضبط کرچکی ہے۔ جنوبی ممبئی کے ایک چھوٹے علاقہ میں 19.5 کروڑ کا فلیٹ بھی ضبط کیا گیا۔ یہ فلیٹ پوروی مودی کا ہے۔ مرکزی تحقیقاتی ایجنسی کے سینئر عہدیدار نے بتایا کہ ہم نے آدتیہ ناناوٹی کے خلاف انٹرپول ریڈ کارنر نوٹس جاری کرادی ہے۔ یہ شخص ‘ نیرؤ مودی کا ملازم اور پی این بی کیس کا ملزم ہے۔ ایجنسی نے جوہری کے خلاف داخل چارج شیٹ میں کہا ہے کہ 6400 کروڑ کے بینک فنڈس فرضی کمپنیوں کو بیرون ملک منتقل کئے گئے۔ نیرؤ مودی اور ماموں میہول چوکسی کے علاوہ دیگر کے خلاف 13 ہزار کروڑ کے پی این بی اسکام میں تحقیقات جاری ہیں۔ پنجاب نیشنل بینک ‘ سرکاری شعبہ میں ہندوستان کا سب سے بڑا بینک ہے۔

جواب چھوڑیں