صدر روس پوٹین کی آج نئی دہلی آمد

نئی دہلی۔ 3 اکتوبر۔(پی ٹی آئی) صدر روس ولادیمیر پوٹین‘ جمعرات کو ہندوستان کے 2 روزہ دورہ پر نئی دہلی پہنچ رہے ہیں۔ اس دورہ میں امکان ہے کہ ایس 400 ایر ڈیفنس سسٹم کی خریداری کی معاملت پر دستخط ہوں گے۔ اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی بات چیت ہوگی۔ ایران سے خام تیل کی درآمد پر امریکی تحدیدات بھی زیربحث آئیں گی۔ پوٹین کے اس دورہ میں سب سے اہم بات ایس۔400 ایرڈیفنس مزائل سسٹم کی خریداری کا معاہدہ ہوگی۔ کریملن کے ایک عہدیدار نے منگل کے دن کہا تھا کہ صدر روس 5 بلین امریکی ڈالر کے اس معاہدہ پر دستخط کے نگراں ہوں گے۔ ان کے اس دورہ میں سب سے اہم بات یہی معاہدہ ہوگی۔ ہندوستان اپنے ایر ڈیفنس میکانزم کو چست درست بنانے روس سے لانگ رینج مزائل سسٹم خریدنا چاہتا ہے۔ وہ اسے 4 ہزار کیلو میٹر طویل ہند۔ چین سرحد پر نصب کرے گا۔ ایس 400 روس کا انتہائی عصری زمین سے فضا میں مار کرنے والا مزائل ڈیفنس سسٹم سمجھا جاتا ہے۔ چین اسے خریدنے والا پہلا ملک ہے۔ اس نے 2014میں روس سے اس کی خریداری کی معاملت کی تھی ۔ روس ‘ ہندوستان کو اسلحہ و گولہ بارود فراہم کرنے والا اہم ملک رہا ہے۔ مئی میں وزیراعظم مودی ‘ پوٹین سے غیررسمی ملاقات کے لئے روس کے ساحلی شہر سوچی گئے تھے۔ اُس وقت دونوں نے کئی اہم امور پر بات چیت کی تھی۔ پوٹین کی خارجہ پالیسی کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے حوالہ سے ماسکو میں میڈیا اطلاعات میں کہا گیا کہ ہندوستان جو ایر ڈیفنس سسٹم روس سے خریدنا چاہتا ہے وہ کنٹراکٹ زائداز 5 بلین امریکی ڈالر کا ہوگا۔ اس خریداری سے امریکی کانگریس نے جو تحدیدات روس سے اسلحہ کی خریداری پر عائد کی ہیں ان کی خلاف ورزی ہوگی لیکن امریکی قانون سازوں نے کہا ہے کہ ہندوستان کو استثنیٰ مل سکتا ہے۔ نئی دہلی نے اشارے دیئے ہیں کہ ہندوستان یہ سسٹم خریدکر رہے گا۔

جواب چھوڑیں