عالم پورگدوال سے کانگریس کی انتخابی مہم کا آغاز

تلنگانہ پردیش کانگریس نے آج عالم پور ضلع جوگولامباگدوال سے پارٹی کی انتخابی مہم کا عملاً آغاز کردیا۔ کانگریس قائدین صدر ٹی پی سی سی اتم کمارریڈی ‘انچارج کانگریس امور آرسی کنتیا ‘کے جانا ریڈی ‘ سابق مرکزی وزیر ایس جئے پال ریڈی ‘قائد اپوزیشن کونسل محمدعلی شبیر ‘وی ہنمنت رائو سابق ایم پی‘سمپت کمار ‘ریونت ریڈی ‘ڈی کے ارونا کے علاوہ کانگریس کی اسٹار کمپیزوجئے شانتی کی موجودگی میں انتخابی کمیٹی کے چیرمین بھٹی وکرامارکہ نے انتخابی بگل بجایاجس کے ساتھ ہی عالمپورمیں روڈشوکاآغاز ہوا۔ وجئے شانتی عوام کا توجہ مرکزرہی۔روڈ شوسے خطاب کرتے ہوئے اتم کمارریڈی نے نگرانکار چیف منسٹر کے چندر رائو کے خلاف عائد کردہ اپنے الزام ’’دھوکہ باز‘‘ کی مدافعت کی اور کہاکہ حیدرآباد ی زبان میں دھوکہ باز کو بٹے باز بھی کہا جاتاہے ۔ کے سی آر نے اپنے ساڑے چار سالہ دورحکومت میں تلنگانہ سماج کے تمام طبقات کودھوکہ دیاہے اور ایک بھی انتخابی وعدے کوپورا نہیںکیا۔ غریب دلتوں کو تین ایکر اراضی ‘بے گھر افراد کو ڈبل بیڈروم مکان مسلمانوں اورایس ٹیزکو 12فیصد تحفظات ‘ ہر گھر کے ایک فرد کو ملازمت دینے کا وعدہ کرکے انہیں دھوکہ دیا۔ چنانچہ ایسے شخص کو بٹے باز یادھوکہ باز نہیں توکیا کہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ کے سی آر نے کل نظام آباد کے جلسہ میںتقریر کرتے ہوئے کئی بڑے وعدے کئے ۔ انہوںنے کے سی آر سے سوال کیا کہ 2014 میں کئے گئے وعدوں کاکیا ہوا۔؟اب وقت آگیاہے کہ آئندہ انتخابات میں عوام انہیں سبق سکھائیں ۔ انہوں نے کہاکہ عوام نے نئی ریاست کے وجود میں آنے کے بعد جوخواب دیکھے تھے‘ کے سی آر نے ان کے خوابوں کو چکناچورکردیا اور وہ اپنے ارکان خاندان کیساتھ 9ایکراراضی پر 500کروڑ کی لاگت سے تعمیر کئے گئے پرگتی بھون میں عیش وعشرت کی زندگی گذاررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جگتیال کے بس حادثہ میں کئی لوگ ہلاک ہوگئے لیکن کے سی آر اوران کے ارکان خاندان ‘لکثری گاڑیوں بشمول 7 کروڑ کی مرسٹیز‘ سفر کے لئے استعمال کرتے ہیں۔ کے سی آرنے سکریٹریٹ کی بجائے بلٹ پروف پر مشتمل پرگتی بھون میں قیام کوترجیح دے رکھی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ تاریخ میں کے سی آر کو جھوٹااور نااہل کے آمرانہ طرز عمل کو طویل عرصہ تک یاد کیا جائے گا۔ اتم کمارریڈی نے کہاکہ آئندہ انتخابات میں کانگریس پارٹی کی کامیابی یقینی ہے ۔ کانگریس پارٹی نے سماج کے تمام طبقات کے مسائل پرمشتمل منشور تیار کرلیاجس کا بہت جلد رسم اجراء عمل میں آئے گا۔ اقتدار پرآنے کے بعدکانگریس کسانوں کو تمام سہولتیں فراہم کرے گی اور 2لاکھ روپے کے قرض کو معاف کیاجائے گا۔ بیروزگار نوجوانوں کو روزگار سے مربوط کرنے لاکھوں جائیدادوں کی نشاندہی کی جائے گی۔ 10لاکھ بیروزگار نوجوانوں کو ماہانہ 3ہزار روپے الاونس دیا جائے گا۔ تمام زمرہ کے وظائف کی رقم کو دگنا کردیا جائے گا۔ بے گھرافراد میں مکانات کی تقسیم ‘راشن شاپ سے خاندان کے ہرفرد کو 7کیلوباریک چاول کی سربراہی ‘ایس سی طبقہ کو تمام راشن کی مفت سربراہی عمل میں لائی جائے گی۔ خواتین کے 7لاکھ سیلف ہیلپ گروپس کوفی کس ایک لاکھ روپیہ گرانٹ جاری کی جائے گی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ عالم پور کے عوام پارٹی امیدوار سمپت کمار کوانتخابات میں 50ہزار ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی دلائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی ضلع محبوب نگر میں اسمبلی کی تمام 14 نشستوں پرکامیابی حاصل کرے گی ۔ ریالی اورجلسہ سے جئے پال ریڈی ‘ جانا ریڈی ‘ محمد علی شبیر‘ وجئے شانتی ‘ مدھویاشکی ‘ ڈی کے ارونا ‘سمپت کمار ‘ وی ہنمنت رائو ‘بھٹی وکرمارکہ نے بھی خطاب کیا ۔ قبل ازیں کانگریس قائدین ‘جوگولامبامندر میں پوجاکی ۔

جواب چھوڑیں