قونصل جنرل ایران کی ایڈیٹر انچیف منصف سے ملاقات

قونصل جنرل ایران متعینہ حیدرآباد محمد حق بین قمی نے آج دفتر روز نامہ منصف پہنچ کر ایڈیٹر ان چیف جناب خان لطیف محمد خان سے ملاقات کی۔ تقریباً ایک گھنٹہ تک جاری اس ملاقات کے دوران ہند۔امریکہ تعلقات ، حیدرآباد ۔ایران کے درمیان تاریخی و تہذیبی تعلقات ‘ عالمی سیاسی حالات و دیگر موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جناب خان لطیف محمد خان نے ایرانی شہریوں کے ساتھ اپنے قدیم، دیرینہ تعلقات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ طور پر ہنداور ایران کے درمیان ، تیسرے ملک کے ذریعہ تجارت کی جارہی ہے ۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے راست تجارت کو فروغ دینا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ روزنامہ منصف ہمیشہ سے ہند ۔ ایران ‘ حیدرآباد ۔ ایران تعلقات کو فروغ دینے کوشش کرتا رہا ہے۔ ہماری ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ روزنامہ منصف کے قارئین کو ایران کے حقیقی حالات سے واقف کرائے۔ قونصل جنرل ایران محمد حق بین قمی نے ہند ایران تعلقات کو مستحکم کرنے میں روزنامہ منصف کے گران قدر کردار کا اعتراف کرتے ہوئے جناب خان لطیف محمد خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور حیدرآباد میں مقیم ایرانیان میں روزنامہ منصف کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ دونوں ممالک میں سفارتی اور تجارتی تعلقات کو مزید استحکام حاصل ہوگا اور دونوں ممالک کے عوام فیضیاب ہوںگے۔ محمد حق بین قمی نے دونوں ممالک کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے جناب خان لطیف محمد خان کو دورۂ ایران کی دعوت دی۔ اس موقع پر فرسٹ قونصل جنرل ایران علی اصغر راستگو‘ پی آر او قونصل جنرل ایران متعینہ حیدرآباد سید تمجید حیدر بھی موجود تھے۔

جواب چھوڑیں