الیکشن کمیشن کی ٹیم کا آئندہ ہفتہ دورہ تلنگانہ متوقع

تلنگانہ میں انتخابات کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ایک ٹیم ‘10اکتوبرکو ریاست کا دورہ کرے گی ۔ آج نئی دہلی میں چیف الیکشن کمشنراوم پرکاش راوت کی صدارت میں آئندہ چندماہ کے دوران ملک کی پانچ ریاستوں میں جہاں اسمبلی انتخابات منعقدشدنی ہیں وہاں کے چیف الیکٹورل آفیسرس کے ساتھ اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تلنگانہ کی نمائندگی رجت کمار (سی ای او) نے کی ۔ انہوں نے ریاست میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد کے متعلق تیاریوں کی تفصیلات پرمفصل رپورٹ پیش کی ۔انہوں نے الیکشن کمیشن کو انتخابات کی تیاریاں اور فہرست رائے دہندگان کی تیاری کے متعلق تفصیلات فراہم کیں۔ جن میں الکٹرانک ووٹنگ مشین ‘وی وی پی ائے ٹی ‘حفاظتی انتظامات ‘فہرست رائے دہندگان میں ناموں کااندراج ‘اخراج قابل ذکر ہیں ۔ چیف الیکشن کمشنر اوم پرکاش راوت نے توقع ظاہر کی کہ پانچ ریاستوںکے سی ای اوز‘تمام اہل افراد اور طلباء کورائے دہی میں حصہ لینے کا موقع فراہم کرنے کے لئے ضروری اقدامات کریںگے۔ اجلاس کے دوران تمام سی ای اوز نے چیف الیکشن کمشنر کوبتایاکہ فہرست رائے دہندگان کی قطعی فہرست کی طباعت سے قبل تمام سیاسی جماعتوں اور رائے دہندگان کے اعتراضات ‘خدشات کا ازالہ کیاگیا ۔ چیف الیکشن کمشنر نے ای وی ایمس اور وی وی پی اے ٹی مشینوں کے استعمال کے متعلق انتخابی عملہ کودی گئی تربیت پر اطمینان کااظہار کیا۔ انہوں نے سی ای او تلنگانہ رجت کمار کوہدایت دی کہ پیر کو ہائی کورٹ کے فیصلہ کے بعد فہرست رائے دہندگان کے قطعی مسودے کو جاری کرنے کے انتظامات پورے کرلیں ‘ چندسیاسی جماعتوں نے ووٹرلسٹ سے لاکھوںناموں کوحذف کرنے کے خلاف عدالت میں عرضی داخل کی ہے ۔

جواب چھوڑیں