دھوکہ بازوں کو ’’بٹے باز‘‘ ہی کہا جائے گا: اتم کمار ریڈی

صدر پردیش کانگریس تلنگانہ این اتم کمار ریڈی نے کہا ہے کہ عوام کو دھوکہ دینے والوں کو ’’بٹے باز‘‘ نہیں تو کیا کہا جائے؟ کے سی آر نے عوام کو ہر طبقہ دلتوں‘ گریجن‘ بی سی اقلیتوں‘ نوجوانوں‘ خواتین اور کسانوں سے کئے گئے ایک بھی وعدے کو پورا نہیں کیا۔ یہاں تک کہ کے سی آر نے تلنگانہ کے نام پر بھوک ہڑتال کے دوران تغذیہ سے بھرپور غذاء استعمال کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کیا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے نمس ہاسپٹل کی رپورٹ کا حوالہ دیا۔ بھوک ہڑتالی قائد کے سی آر کو کھمم سے نمس منتقل کیا گیا تھا۔ اس وقت ڈاکٹرس نے کے سی آر کا طبی معائنہ کیا تھا جس میں بتایا گیا ہے کہ کے سی آر نے بھوک ہڑتال کے دوران تغذیہ بخش سیال مادہ کا استعمال کیا ہے۔ اتم کمار ریڈی آج گاندھی بھون میں عظیم تر حیدرآباد کانگریس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں آر سی کنتیا انچارج کانگریس امور کے علاوہ کئی اہم قائدین نے شرکت کی۔ صدر ایم انجن کمار یادو نے اجلاس کی صدارت کی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کے سی آر نے نظام آباد کے جلسہ میں میرے خلاف غیر پارلیمانی الفاظ استعمال کئے اور ہزاروں افراد کے سامنے میری توہین کی۔انہوں نے کہا کہ وہ‘ ایر فورس میں بحیثیت پائلٹ ملک کی حفاظت کر رہے تھے تو کے سی آر‘ پاسپورٹ بروکر تھے۔ انہوں نے کہا کہ دلت کو چیف منسٹر بنانے‘ مسلمانوں کو 12%تحفظات دینے ایک لاکھ نوجوانوں کو ملازمتیں‘ گھر گھر پانی کی سربراہی‘ کے جی تا پی جی مفت تعلیم کی فراہمی‘ کسانوں کے قرضوں کی معافی کا وعدہ کرکے اس کو بھول جانا کیا یہ دھوکہ دہی نہیں؟ انہوں نے سوال کیا کہ کیا کے سی آر نے ایک طرف بی جے پی کے ساتھ اور دوسری جانب ایم آئی ایم سے ساز باز نہیں کی ہے؟ تلگودیشم‘ کانگریس اتحاد پر کے سی آر کی بوکھلاہٹ کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2009میں کے سی آر نے تلگودیشم کے ساتھ اتحاد نہیں کیا تھا؟ انہوں نے آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی شاندار کامیابی کا یقین دلایا۔ انچارج کانگریس امور آر سی کنتیا نے پارٹی قائدین کو ہدایت دی کہ وہ آئندہ انتخابات میں متحدہ طورپر جدوجہد کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کو کامیابی سے ہمکنار کریں۔ جی نرنجن کانگریس ترجمان نے پارٹی قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ ووٹنگ مشینوں اور ووٹر لسٹ کی جانچ کریں اور بوگس ناموں کو حذف کرنے کیلئے الیکشن کمیشن سے نمائندگی کریں۔ انہوں نے پرانا شہر کے کانگریس قائدین کے ساتھ انصاف کرنے اور انہیں انتخابات میں ٹکٹ دے کر حوصلہ افزائی کرنے کی کانگریسی قیادت کو مشورہ دیا۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ شہر میں 6۔اکتوبر کو 11بجے دن خیریت آباد اسمبلی حلقہ سے کانگریس پارٹی کی انتخابی مہم کا آغاز ہوگا جس میں اتم کمار ریڈی ودیگر قائدین شرکت کریں گے۔ اجلاس میں عابد رسول خاں نائب صدر‘ محمد واجد حسین سابق کارپوریٹر سابق ڈپٹی میئر راجکمار‘ سید یوسف ہاشمی‘ خواجہ ذاکر الدین‘ محمد موسیٰ قاسم‘ کے گوری شنکر‘ لکشمن گوڑ‘ ٹی نرنجن‘ افسر یوسف ذکی(کاروان) اطہر سمیع‘ دلاور حسین اور دیگر شریک تھے۔

جواب چھوڑیں