انتخابات میں ٹی آر ایس ، نشستوں کی سنچری بنائے گی:کے ٹی آر

کارگذار وزیر انفارمیشن و ٹکنالوجی کے تارک راما راؤ نے آج کہا کہ اسمبلی انتخابات میں ٹی آر ایس ، نشستوں کی سنچری بنائے گی۔ انہوںنے کہا کہ انتخابات میں ٹی آر ایس کو119 منجملہ100حلقوں سے شاندار کامیابی حاصل ہوگی ۔ اس طرح ہماری پارٹی ، نشستوں کی سنچری اسکور کرے گی ۔ انہوںنے ٹی آر ایس کے ساڑھے چار سالہ دور حکمرانی کو بدعنوانیوں سے پاک قرار دیا اور کہا کہ ٹی آر ایس دور حکومت میں ریاست کے تمام شعبوں میں ترقی ہوئی ہے اور ملک بھر میں تلنگانہ کو سرفہرست مقام حاصل ہوا ہے ۔ تلنگانہ بھون میں ہفتہ کو ٹی آر ایس وی ( اسٹوڈنٹ ونگ) کے ارکان عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کے تارک راما راؤ نے کانگریس کو تلنگانہ کی سب سے بڑی دشمن جماعت قرار دیا اور کہا کہ سابق وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو نے1956 میں تلنگانہ عوام کی مرضی کے خلاف اس علاقہ کو آندھرا پردیش میں ضم کرکے نئی ریاست آندھرا پردیش تشکیل دی تھی ۔ سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی نے آندھرائی قائدین کو خوش کرنے کیلئے1969 میں علحدہ تلنگانہ تحریک کو طاقت سے کچل دیا تھا۔ اس تحریک میں تلنگانہ کے369 نوجوان شہید ہوئے تھے ۔ انہوںنے کہا کہ سابق یو پی اے حکومت کی جانب سے علیحدہ تلنگانہ کے قیام میں تاخیر کے باعث کئی طلبہ نے جان کی قربانی دی تھی ۔ انہوںنے کہا کہ چیف منسٹر اے پی این چندرا بابو نائیڈو نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ کالیشور پراجکٹ کی تعمیر کیلئے ماحولیاتی منظوری نہ دے ۔ تلنگانہ عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ مفاد پرست عظیم اتحاد کو اسمبلی انتخابات میں سبق سکھائیں۔ علیحدہ تلنگانہ تحریک کے موقع پر جانا ریڈی اور اتم کمار ریڈی ، متحدہ آندھرا پردیش کی کابینہ میں وزیر تھے ۔ انہوںنے کہا کہ تلنگانہ کانگریس قائدین انہیں ( کے ٹی آر کو بچہ کہتے تھے جبکہ بچوں کی تحریک کے باعث سابق مرکزی حکومت کو علیحدہ تلنگانہ قائم کرنے کیلئے مجبور ہونا پڑا تھا۔ سابق کانگریس دور حکومت میں سرکاری محکموں میں صرف10ہزار مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کئے گئے تھے۔ جبکہ ٹی ار ایس کے دور اقتدار میں40ہزار مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کئے گئے ۔ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے صاف وشفاف طریقے سے ان جائیدادوں پر تقررات کئے گئے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ تلنگانہ کے سرکاری محکموں میں جملہ1,28,274 جائیدادیں مخلوعہ ہیں ۔ محکمہ فینانس کی جانب سے اب تک 1,02217 مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کی اجازت دی ہے ۔ پبلک سرویس کمیشن نے87,346 جائیدادوں پر تقررات کا اعلامیہ جاری کیا ہے۔ اب تک 40ہزار جائیدادوں پر تقررات کئے گئے ہیں ماباقی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے ۔ انہوںنے کہا کہ یہ انتخابات دہلی اور امراوتی کی جماعتوں اور تلنگانہ کی ٹی آر ایس کے درمیان رہیں گے ۔ ریاست کے عوام ، تلنگانہ سپوت کے سی آر کو دوبارہ اقتدار پر فائز کریں گے ۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ بی سمن ، صدر ٹی آر ایس وی سرینواس یادو کے علاوہ دیگر نے مخاطب کیا ۔

جواب چھوڑیں