انتخابی شیڈول کااعلان ‘ ٹی آرایس ‘کانگریس اوربی جے پی کاخیرمقدم

حکمراں جماعت ٹی آرایس نے تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے شیڈول کے اعلان کاخیرمقدم کیا ہے ۔ٹی آرایس کے رکن پارلیمنٹ بی ونود کمار نے اسمبلی انتخابات کے شیڈول کا خیر مقدم کیااورکہاکہ سپریم کورٹ کے احکام کے مطابق میعاد سے قبل اسمبلی یا لوک سبھا تحلیل کئے جانے کے بعد جلدازجلد انتخابات کا انعقاد ضروری ہے ۔ ونودکمار نے کہاکہ ہماری پارٹی انتخابات کے لئے پوری طرح تیار ہے اور ہم پوری قوت سے اسمبلی انتخابات کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ٹی آرایس ‘کوشاندار کامیابی ملے گی ۔ دوسری طرف پردیش کانگریس تلنگانہ بھی انتخابی شیڈول کی اجرائی کا خیرمقدم کیا۔ پردیش کانگریس کے ترجمان شراون داسوجو نے کہاکہ کانگریس پارٹی انتخابات کے لئے تیارہے تاہم ووٹرلسٹ میں نقائص کے مسئلہ پر ایک کیس عدالت میں زیر دوران ہے ۔ انہوںنے کہاکہ میں نہیں جانتا کہ شیڈول کے اعلان میں اتنی جلدی کیوں دکھائی گئی ہے جبکہ ووٹرلسٹ میں غلطیوں کے بارے میں ایک عرضی ‘عدالت میں زیر التواء ہے ۔ عدالت میں اس مسئلہ پر بحث جاری ہے اورعدالت نے اس عرضی پر سماعت کے لئے ایک علحدہ تاریخ طئے کی ہے ۔ سماعت کی تاریخ معرض التواء ہے اس سے قبل شیڈول کا اعلان کردیاگیا ہے ۔ ہاں الیکشن کمیشن کو شیڈول کے اعلان کااختیار ہے ۔ بی جے پی نے بھی انتخابات کے شیڈول کے اعلان کا خیر مقدم کیاہے ۔ صدرریاستی بی جے پی ڈاکٹر کے لکشمن نے کہاکہ ہماری پارٹی انتخابات کے لئے پوری طرح تیارہے اورہم نے پہلے ہی انتخابی مہم کا آغاز کردیاہے۔

جواب چھوڑیں