بی جے پی ، انتخابات کیلئے تیار: کے لکشمن

ریاستی بی جے پی نے تلنگانہ اسمبلی کے انتخابات کے شیڈول کی اجرائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے انتخابات کے لئے تیار رہنے کا اعلان کیا ۔ چیف الیکشن کمشنر اوم پرکاش راوت کی جانب سے آج شیڈول کی اجرائی کے بعد ردعمل ظاہرکرتے ہوئے صدر بی جے پی تلنگانہ ڈاکٹر کے لکشمن نے کہا کہ بی جے پی ، ان انتخابات میں ضرور کامیابی حاصل کرتے ہوئے ر یاست میں نئی تاریخ رقم کرے گی ۔ ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہی ہے وہیں دوسری طرف کانگریس کی جانب سے مفاد پرستانہ رویہ اختیار کیا جارہا ہے اور تلگودیشم پارٹی، سی پی آئی اور ٹی جے ایس کے ساتھ غیر اخلاقی اتحاد کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بی جے پی ، نریندر مودی کی زیر قیادت حکومت میں ملک کی ترقی عوام کی خوشحالی کو موضوع انتخاب بنایا ئے گی ۔ عوام کو بتایا جائے گا کہ کس طرح مودی کی قیادت میں ملک کا وقار بلند ہوا ہے ۔ اور ان کی پالیسیوں کو ریاست تلنگانہ میں بھی عمل کیا جائے گا ۔ انہوںنے مزید کہا کہ بی جے پی کی جانب سے ریاست کے تمام اسمبلی حلقہ جات میں جارحانہ مہم چلائی جائے گی ۔ اور رائے دہندگان کو اپنی جانب راغب کیا جائے گا ۔ ڈاکٹر کے لکشمن نے کہا کہ بی جے پی خود کو ٹی آر ایس کی متبادل جماعت کے طور پر پیش کرتے ہوئے حکومت کی ناکامیوں سے عوام کو واقف کرائیگی ۔ انہوںنے کہا کہ ریاست کے عوام کانگریس کے غیر اخلاقی اتحاد کو کبھی قبول نہیں کریں گے اور ریاست میں نریندر مودی کا جادو اور لہر چلے گی ۔ اور بی جے پی کو اقتدار حاصل ہوگا۔

جواب چھوڑیں