راہول گاندھی ‘ اب نرمدابھکت

 کانگریس صدر راہول گاندھی نے ہفتہ کے دن مدھیہ پردیش کے ضلع جبلپور میں دریائے نرمدا کو ماتھا ٹیکنے کے بعد 8 کیلو میٹر طویل روڈ شروع کیا۔ روڈ شو کی روٹ پر لگے سینکڑوں پوسٹرس میں راہول گاندھی کو نرمدا بھکت دکھایا گیا۔ ریاست کے عوام دریائے نرمدا کو پوجتے ہیں اور ہزاروں اس کی پریکرما کرتے ہیں یعنی اس کے اطراف چکر لگاتے ہیں۔ سینئر کانگریس قائد ڈگ وجئے سنگھ نے چند ماہ قبل پیدل چل کر ایسی ہی پریکرما کی تھی۔ راہول گاندھی ‘ جبلپور کے دُمنا ایرپورٹ سے اوما گھاٹ پہنچے۔ دریائے نرمدا کے کناروں کو اب اوما گھاٹ کا نام دیا گیا ہے۔ انہوں نے دریائے نرمدا کی آرتی اتاری۔ اس موقع پر ان کے پارٹی کارکن جئے نرمدا کے نعرے لگارہے تھے۔ راہول گاندھی نے عبدالحمید چوک سے اپنا روڈ شو شروع کیا۔ ان کا روڈ شو جبلپور کے مسلم اکثریتی علاقہ راڈی چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔قبل ازیں کیلاش مانسروور یاترا سے واپسی کے بعد راہول گاندھی کو مدھیہ پردیش میں انتخابی مہم کے دوران شیو بھکت قراردیا گیا تھا۔ریاست کے اضلاع ستنا اور ریوا میں انہیں رام بھکت دکھایا گیا تھا۔ مبصرین کا ماننا ہے کہ کانگریس اب سافٹ ہندوتوا پر عمل پیرا ہے۔ اس نے گذشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ مدھیہ پردیش کے ہر ضلع میں گاؤشالائیں بنائی جائیں گی۔ اس کے لئے اسے ریاست میں برسراقتدار لایا جائے۔کانگریس نے رام گمن پاٹھ کا بھی وعدہ کیا تھا۔ گوالیار سے آئی اے این ایس کے بموجب راہول گاندھی نے جو مدھیہ پردیش کے دورہ پر ہیں‘ ہفتہ کے دن برسراقتدار بی جے پی کو نشانہ تنقید بنایا کہ وہ موافق صنعتکار ہے۔

جواب چھوڑیں