سالڈ ویسٹ مینجمنٹ قواعد پر عمل آوری ، منصوبے بنانے کی ضرورت:چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس کے جوشی

تلنگانہ کے چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس کے جوشی نے عہدیداروں کو ضلع کی اساس پر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ( ایس ڈبلیو ایم ) عملی منصوبوں کو قطعیت دینے کی ہدایت دی ہے ۔ عملی منصوبوں کو قطعیت دیتے وقت شہری ادارہ جات مقامی اور بڑے گرام پنچایتوں کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا ۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے قواعد 2018 کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے عہدیداروں سے کہا کہ وہ نیشنل گرین ٹریبونل کے رہنمایانہ خطوط پر سختی کے ساتھ کاربند رہیں اور سائنٹفک انداز میں تمام ڈمپنگ یارڈز کی دیکھ بھال کریں ۔ ضلع کلکٹرس ، متعلقہ اضلاع میں ڈمپنگ یارڈ کے قیام کے لئے موزوں مقام کی نشاندہی کے مجاز رہیں گے ۔ انہوںنے کہا کہ سابق72 بلدیات کی ڈیٹیل پراجکٹ رپورٹس( ڈی پی آر) تیار رہے اور عہدیدار مابقی68 بلدیات کی ڈی پی آر تیار کریں۔ ڈاکٹر جوشی نے حکام کو سالڈ ویسٹ مینجمنٹ رولس پر عمل آوری کیلئے فنڈس تجاویز داخل کرنے کی ہدایت دی اس سلسلہ میں مرکزی حکومت اور 15 ویں فینانس کمیشن سے فنڈس حاصل کئے جاسکتے ہیں۔چیف سکریٹری نے مزید کہا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے قواعد پر عمل آوری سے متعلق ریاستی سطح کی کمیٹی میں کمشنر پنچایت راج کو بھی شامل کیا جائے گا ۔ پرنسپل سکریٹری محکمہ بلدی نظم ونسق ارویند کمار نے اس اجلاس کے بارے میں مختصر روشنی ڈالی ۔ انہوںنے بتایا کہ نیشنل گرین ٹریبونل کے رہنمایانہ خطوط پر عمل آوری کیلئے مناسب قدم اٹھائیں گے اس سلسلہ میں محکمہ بلدی نظم ونسق اور بی سی بی ، مناسب اقدامات کریں گے ۔ اس میں فنڈس سے متعلق تجاویز داخل کی جاچکی ہیں۔

جواب چھوڑیں