سہواگ‘ہند۔پاک کرکٹ تعلقات کے احیاء کے حامی

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر ویریندر سہواگ نے ہند۔پاک کرکٹ کیلئے آواز اٹھائی ہے۔ دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہواگ نے کہاکہ پاکستان میری پسندیدہ ٹیم رہی جس کے خلاف کھیل کر میں ہمیشہ لطف اندوز ہوا۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہر ملک کو ایک دوسرے کے خلاف کھیلتے رہنا چاہیے، پاکستان اور ہندوستان کی ٹیمیں جب بھی میدان میں مدمقابل آئیں ہر کوئی ان میاچس کو دیکھنا چاہتا ہے، مجھے امید ہے ہماری حکومت ہمسایہ ملک سے کرکٹ کھیلنے پر جلد بات چیت شروع کرے گی۔ سہواگ نے مزید کہاکہ بطور کرکٹرز بھی ہم چاہتے ہیں کہ یہ سلسلہ آگے بڑھے لیکن اس کا تمام تر دارومدار حکومت پر ہے۔ اگر انہوں نے فیصلہ کرلیا تو پھر باہمی سیریز کا انعقاد ممکن ہوسکتاہے۔ انہوں نے پاکستان ٹیم کے خلاف اپنی بہترین یادوں کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ میں نے اس کے خلاف ملتان ٹسٹ میں 309 کی اننگز کھیلی، لاہور میں بھی 254 رنز بنائے، کئی دیگر اہم اننگز بھی کھیلی ہیں لہذا اگر مجھ سے پوچھیں تو میں پاکستان کو ہی اپنی پسندیدہ حریف ٹیم کہوںگا جس کے خلاف میں نے کھیل کر لطف پایا۔ دوسری جانب پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے بھی سہواگ کی طرح دونوں ملکوں میں باہمی سیریزکی حمایت کردی۔ انہوں نے کہاکہ روایتی حریفوں کے مقابلے ہمیشہ سے بہت اہم رہے ہیں، میں ہمیشہ پاکستان اور ہندوستان میں مثبت تعلقات کو دیکھنا چاہتا ہوں اور اسپورٹس خصوصاً کرکٹ اس میں بہت اہم ہیں، مجھے پورا اعتماد ہے کہ مستقبل میں دونوں ملکوں میں اچھے تعلقات ہوں گے اور کرکٹ سیریز بھی بحال ہوجائے گی۔

جواب چھوڑیں