پاکستان۔آسٹریلیا ٹسٹ سیریز کا آج سے آغاز

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 2 میاچس کی ٹسٹ سیریز کا کل سے آغاز ہوگا۔ تاہم سیریز کے آغاز سے قبل ہی پاکستانی ٹیم کو اس وقت شدید جھٹکا لگا جب اس کے نوجوان لیگ اسپنر شاداب خان ان فٹ ہوگئے۔ لیگ اسپنر کو آسٹریلیا کے خلاف 2 ٹسٹ میاچس کی سیریز کیلئے پاکستانی ٹیم میں شامل کیاگیاہے لیکن شاداب خان گروئن انجری سے مکمل طورپر صحتیاب نہیں ہوسکے۔ ٹیم ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے ٹسٹ میں آف اسپنر بلال آصف اپنے کیریر کا آغاز کریں گے اور یاسر شاہ بھی ان کے ساتھ میدان میں اتریں گے ۔ 2 اسپنرز کے ساتھ پاکستانی ٹیم انتظامیہ 2 فاسٹ بولرز میرحمزہ اور محمد عباس کو کھلانے پر غور کررہی ہے۔ آسٹریلوی ٹیم میں شامل طویل قامت فاسٹ بولر مشل اسٹارک کی شمولیت کے پیش نظر پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے بولنگ مشین کے ذریعہ اونچائی سے اپنے بیاٹسمینوں کیلئے خاص پریکٹس سیشن کا اہتمام کیا۔ شاداب کی انجری کے ساتھ ہی تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ کی ٹیم میں شمولیت بھی یقینی ہو گئی جنہیں ابتدائی طورپر ٹسٹ اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا لیکن ماہرین کی جانب سے تنقید کے بعد انہیں ٹسٹ اسکواڈ کا حصہ بنا لیا گیا۔ پاکستان ٹیم انتظامیہ وہاب ریاض یا میر حمزہ میں سے کسی ایک کو کھلانے کے حوالے سے شش و پنج کا شکار ہے۔ دوسری جانب آسٹریلوی ٹیم میں توقع ہے کہ 4 کھلاڑیوں کو ایک ساتھ ٹسٹ ڈیبیو کا موقع ملے گا جن میں اوپنر آرون فنچ اور مڈل آرڈر بلے باز ٹراویس ہیڈ بھی شامل ہیں۔ آسٹریلیا کو بیاٹنگ کے شعبہ میں مسائل کا سامنا ہے تاہم مشل اسٹارک‘ مشل مارش اور ناتھن لیون کی بدولت بولنگ کا شعبہ کافی مستحکم ہے۔ میاچ ہندوستانی معیاری وقت کے مطابق صبح 11:30 بجے سے کھیلا جائے گا۔

جواب چھوڑیں