کشمیر میں منی بس کھائی میں گرپڑی‘ 21 ہلاک

 ضلع رام بن میں جموں۔ سری نگر قومی شاہراہ پر ایک منی بس کھائی میں گرپڑی۔ اس حادثہ میں 21 افراد ہلاک اور دیگر 16 زخمی ہوگئے۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے یہ بات بتائی۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ڈوڈہ۔ کشتوار۔ رام بن رینج رفیق الحسن نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ مقام حادثہ سے 15 نعشیں نکالی گئیں۔ 16 زخمیوں میں 10کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ انہیں بہتر علاج کے لئے ذریعہ ہیلی کاپٹر جموں بھیجا گیا ہے۔ رام بن کی ایس ایس پی انیتا شرما نے بتایا کہ مسافرین سے بھری منی بس بنیہال سے رام بن جارہی تھی۔ معروف کے قریب قلعہ موڑ پر ڈرائیور نے کنٹرول کھودیا اور گاڑی 200 فیٹ گہری کھائی میں گرپڑی۔ گاڑی تک پہنچنے میں بچاؤ کارکنوں کو کافی وقت لگا۔ حادثہ صبح لگ بھگ 9:55 بجے پیش آیا۔ ڈپٹی کمشنر شوکت عزیز اور سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس انیتا شرما بچاؤ سرگرمیوں کی نگرانی کرنے مقام حادثہ پر پہنچے۔ فوج کے چیتا اور چیتک ہیلی کاپٹرس‘ ایک خانگی ایرلائنز اور ریاستی حکومت کے ہیلی کاپٹرس نے جملہ 6 اڑانیں بھریں۔ زخمیوں کو آرمی ہسپتال ادھم پور گورنمنٹ میڈیکل کالج ہاسپٹل جموں منتقل کیا گیا ۔ مہلوکین میں 4 خواتین اور ڈرائیور شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں