ہندوستان کی ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے بڑی کامیابی

بلے بازوں کی شاندار بیٹنگ کے بعد اسپنرس کی تباہ کن بولنگ کی مدد سے ہندوستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 2 میاچس کی سیریز کے پہلے ٹسٹ اننگز اور 272 رنوں سے جیت حاصل کرکے 2 میاچس کی سیریز میں 1-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔ یہ ٹسٹ کرکٹ میں ہندوستان کی سب سے شاندار جیت ہے۔ اس سے قبل ٹیم انڈیا نے افغانستان کے خلاف اننگز اور 262 رنوں سے جیت حاصل کی تھی۔ ویسٹ انڈیز کو اننگز شکست سے بچنے دوسری اننگز میں 468 رنوں کی ضرورت تھی تاہم اس کی پوری ٹیم 196 رن بناکر آئوٹ ہوگئی۔ سلامی بلے باز کرین پاویل نے شاندار بیاٹنگ کرتے ہوئے تنہا جدوجہد کی تاہم وہ اپنی ٹیم کو اننگز شکست سے بچانے میں ناکام رہے۔ پاویل نے 93 گیندوں میں 8 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 83 رن بنائے جبکہ دیگر کھلاریوں میں دوسرے اوپنر براتھویٹ 10‘ شائی ہوپ 17‘ شمرون ہیٹمئیر 11‘ روسٹن چیس 20 اور کیمو پال 15 رن بناکر آئوٹ ہوئے جبکہ وکٹ کیپر بلے باز شین ڈوریچ 16 رن بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلی اننگز میں بھی صرف 181 رن بناکر آئوٹ ہوگئی تھی جس کے بعد اسے فالوآن کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم وہ دوسری اننگز میں بھی پوری طرح ناکام ثابت ہوئی۔ ہندوستان کی جانب سے دوسری اننگز میں بائیں ہاتھ کے اسپنر کلدیپ یادو نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 وکٹس حاصل کئے جبکہ دیگر بولرس میں رویندر جڈیجہ نے 3 اور روی چندرن اشون نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا۔ کیریر کا پہلا ٹسٹ کھیلنے والے نوجوان بلے باز پرتھوی شا کو میان آف دی میاچ قرار دیاگیا جنہوں نے 154 گیندوں میں 19 چوکوں کی مدد سے 134 رن بنائے تھے۔ ہندوستان کی جانب سے پرتھوی شا کے علاوہ کپتان ویراٹ کوہلی نے 139‘ رویندر جڈیجہ نے ناٹ آئوٹ 100 اور چیتیشور پجارا نے 86 رن اسکور کئے تھے۔ سیریز کا دوسرا اور آخری ٹسٹ میاچ 12 تا 16 اکتوبر حیدرآباد کے راجیو گاندھی ا نٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ مختصر اسکور ۔ ہندوستان پہلی ا ننگز 649/9 ڈکلیر۔ ویسٹ انڈیز پہلی اننگز 181 آل آئوٹ۔ ویسٹ انڈیز دوسری اننگز 196 آل آئوٹ۔

جواب چھوڑیں