وادیٔ کشمیر میں مجالس مقامی انتخابات کا آج پہلا مرحلہ

وادیٔ کشمیر میں مجالس مقامی انتخابات کے آسانی سے انعقاد کے لئے سلامتی کا احساس کرانے سیکیوریٹی فورسس نے چیکنگ تیزکردی ہے۔ عہدیداروں نے اتوار کے دن یہ بات بتائی۔ انتخابات کا پہلا مرحلہ پیر کو شروع ہوگا۔ ایک سینئر عہدیدار نے بتایاکہ وسیع سیکیوریٹی منصوبہ پر عمل ہورہا ہے۔ سیکیوریٹی فورسس نے گاڑیوں اور لوگوں کی چیکنگ بڑھادی ہے۔ سری نگر شہر میں کئی ناکے لگائے گئے ہیں جہاں گ اڑیوں کی چیکنگ ہورہی ہے۔ گاڑیوں کی چیکنگ کے لئے کھوجی کتے بھی استعمال ہورہے ہیں۔عہدیدار نے کہا کہ ہم یہ یقینی بنانے کی کوشش کررہے ہیں کہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ عہدیدار نے کہا کہ انتخابات کے لئے محفوظ ماحول فراہم کرنا چیلنج سے کم نہیں ہے لیکن مختلف سیکیوریٹی ایجنسیوں میں عمدہ تال میل ہے اور وادی میں سلامتی کا عام احساس کرانے کئی اقدامات کئے گئے ہیں۔ عہدیدار نے کہا کہ ہم کلسٹرسیکیوریٹی فراہم کررہے ہیں۔ بیشترامیدواروں کو محفوظ مقامات پر لے جایاگیا ہے اور بعض کو سیکیوریٹی فراہم کی گئی ہے۔ فورسس کی موجودگی بڑھا کر علاقوں کو محفوظ بنایاجارہا ہے۔ حساس علاقوں کا خاص خیال رکھاجارہا ہے۔ پولنگ بوتھس کے اطراف سیکیوریٹی کا گھیرا بڑھادیاگیا ہے۔ شرپسندوں کو دور رکھنے پر توجہ مرکوز ہے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے اور لوگ کسی خوف کے بغیر ووٹ ڈالنے آئیں ۔ انسپکٹر جنرل سی آرپی ایف کشمیر روی دیپ سنگھ ساہی نے بتایاکہ پوری وادیٔ کشمیر کا ماحول قابو میں ہے۔ گورنر جموں وکشمیر ستیہ پال ملک نے ہفتہ کے دن ریاست کی سیکیوریٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔

جواب چھوڑیں